منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے زیراہتمام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے زیر اہتمام یوم عاشور پر 10 محرم الحرام، 27 دسمبر 2009ء کو "شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس"کا انعقاد کیا گیا۔ ادارہ منہاج القرآن برلن اور پاک محمد مسجد برلن نے مشترکہ طور پر یہ کانفرنس کرائی جس میں برلن کی مذہبی، سیاسی، رفاہی تنظیموں کے علاوہ کاروباری شخصیات نے بھی بھر پور شرکت کی۔

اسلامی تحریک، انجمن پاکستان، ایشین جرمن رفاہی سوسائٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں اور کارکنان نے بھی کانفرنس کے شرکاء میں شامل تھے۔ کانفرنس کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا، جس کے بعد محفل درود شریف منعقد کی گئی۔ نماز ظہر کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز حاجی عبد المجید کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ منہاج یوتھ لیگ برلن کے وجاہت علی تارڑ، خوشنود احمد، شاہ زیب احمد، محمد علی ارشاد اورمحمدشعیب ارشاد نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ ہدیہ نعت کا شرف حاجی محمد یعقوب اور عبد الواحد نے حاصل کیا۔ صدر پاک محمد مسجد حاجی امتیازقادر وائیں نے اشعار کے ساتھ ذکر کربلا کیا۔

نماز عصر کی ادائیگی کے بعدپاک محمد مسجد برلن کے خطیب و امام علامہ صاحبزادہ عابد حسین عابد نے شہدائے کربلا کی قربانیوں پر تفصیلی خطاب کیا۔ جس کے بعد میڈیا کوآرڈینیشن بیورو MCB یورپ کے سرپرست محمد شکیل چغتائی نے منقبت پیش کی۔ یہاں چوہدری اشتیاق نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس موقع پر سفیر یورپ حافظ نذیر احمدخان قادری نے پیغام کربلاکے حوالے سےتفصیلی خطاب کیا۔ نماز مغرب کے بعد روزہ دار شرکاء کے لیے افطاری کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ شرکاء نے حافظ نذیر احمد قادری کی امامت میں نماز مغرب ادا کی۔ نماز کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح سے لیکر شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو اور امت کے سب مرحومین کیلئے خصوصی طور پر دعائے مغفرت کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان میں امن و سلامتی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی بھلائی اور خوشحالی کیلئے بھی دعائیں کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء محفل میں لنگرِ حسینی تقسیم کیا گیا۔

کانفرنس کے نقیب منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے جنرل سکریٹری محمد ارشاد تھے، جنہوں نے شرکاء کا خصوصی شکریہ اداکیا۔ انہوں نےکانفرنس کے کامیاب انعقاد پرمنہاج انٹرنیشنل برلن کی انتظامیہ، منہاج ویمن لیگ اور منہاج یوتھ لیگ کے تعاون پر بھی ان کے رفقاء و عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ