منہاج مصالحتی کونسل یونان کے زیراہتمام کرسمس تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ذیلی ادارے منہاج مصالحتی کونسل نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں اکتوبر 2009ء میں ایک عظیم الشان افتتاحی تقریب "امن کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں یونان بھر کی تمام سماجی، مذہبی اور سیاسی تنظیموں اور نمائندوں کے علاوہ لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس کانفرنس میں ناروے سے منہاج مصالحتی کونسل (یورپ) کے صدر اعجاز احمد وڑائچ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے ناروے میں جاری منہاج مصالحتی کونسل کے کام پر خصوصی بریفنگ دی۔ اور اسی کانفرنس میں منہاج مصالحتی کونسل یونان کی ایگزیکٹو باڈی کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ جس کے سرپرست سید جمیل شاہ، صدر غلام مرتضیٰ قادری اور ناظم رانا محمد وقار منتخب ہوئے۔

منہاج مصالحتی کونسل یونان نے چارج سنبھالنے کے دو ماہ کے محدود عرصہ میں ہی 13 دسمبر کو ایک کرسمس تقریب کا اہتمام کیا۔ یونان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی مسلم تنظیم کے زیراہتمام اسلام اور عیسائیت کے اتحاد پر کام کرتے ہوئے کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس تقریب کو یونان کمیونٹی اور میڈیا نے بہت سراہا۔ کرسمس تقریب کو لوکل میڈیا اور (ant & vins TV) نے بھر پور کوریج دی۔ اس تقریب کی ایک اور بڑی کامیابی میڈیا کے علاوہ رینڈی کے میئر کی خصوصی شرکت تھی۔

کرسمس تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت علامہ حافظ محمد نواز نے حاصل کی جبکہ معروف ثنا خواں باقر چغتائی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دف کے ساتھ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی۔ اس کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حوالہ سے یونانی زبان میں خصوصی کلام پیش کیا گیا۔

تقریب سے تاکیس اوکونوپوس (Ex Football Player) نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج مصالحتی کونسل کے کام کی تعریف کی۔ نیکوس یاکومیدس (Preasident AB Zois) نے ویلفیئر کے کاموں پر روشنی ڈالی۔ لازارو پاپا جیورکیوس (preasident of human action) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسفہ اسلام اور عیسائیت کے اتحاد کی تعریف کی۔ ماریوفرا گوس (Lawyer) نے منہاج مصالحتی کونسل کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج مصالحتی کونسل یورپ کے نمائندہ سید جمیل شاہ نے کہا کہ یونان میں بسنے والے پاکستانی یونان کو اپنا دوسرا گھر جانتے ہیں اور یونان کی ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترقی سمجھتے ہیں۔ مذہب کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جس میں انسانیت سے محبت اور مذاہب کے درمیان محبت کا رشتہ قائم ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں بھائی چارے کی فضا بنانی ہو گی ہم یونانی عیسائی بھائیوں کو منہاج مصالحتی کونسل کے پلیٹ فارم ایک تحفہ دے رہے ہیں اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش منا کر ایک مثال قائم کی ہے۔

مہمان خصوصی نیکوس یاکومیدیس (Meyor Renti) نے کہا کہ ہمارے حلقے کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ہم تارکین وطن کو اپنے علاقہ میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں جبکہ یہاں مقیم تارکین وطن اور خصوصاً پاکستانیوں کے لئے انہوں نے بے شمار امور سرانجام دیئے جس کے لئے انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا پورا پورا ساتھ دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم مل کر کام کرتے رہیں گے، انہوں نے دل کھول کر منہاج مصالحتی کونسل کے کام کی تعریف کی۔

تقریب کے سٹیج سیکرٹری اعجاز الحق تھے۔ آخر میں منہاج مصالحتی کونسل کے صدر غلام مرتضیٰ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

(رپورٹ: زیب الحسن قادری)

تبصرہ