منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیراہتمام محرم الحرام میں خصوصی مجالس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا نے اسلامی سال 1431ھ کے آغاز کے ساتھ ہی ’’معرکہ کربلا‘‘ کی یاد منانے کے لئے خصوصی طور پر مجالس کا اہتمام کیا۔ اہل بیت اطہار رضوان اللہ عنہم سے اظہار عقیدت اور ایمان کی پختگی کے درس کو فروغ دینے کے لیے محرم الحرام کی خصوصی مجالس کا سلسلہ 24 دسمبر 2009ء کو شروع ہوا۔
بلال مسجد آسٹریا میں پہلی مجلس منہاج القرآن آسٹریا کے رفیق حافظ محمد یوسف غوری اور انکے برادران کی زیر نگرانی منعقد ہوئی۔ اس میں حافظ محمد یوسف غوری نے شہیدان کربلا معلیٰ کی شان میں گفتگو کی۔ محفل میں منہاج القرآن آسٹریا کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا کے علاوہ رفقاء و اراکین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

26 دسمبر 2009ء کو دوسری مجلس منہاج القرآن انٹرنیشنل نور اسلامک سنٹر ویانا آسٹریا میں ہوئی۔ اس موقع پر شہدائے کربلا کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، سیکرٹری اجتماعات الحاج ملک نسیم اور منہاج میڈیا بیورو یورپ کے کوآرڈینیٹر محمد اکرم باجوہ بھی مجلس میں شریک تھے۔

اسی دن امیر تنظیم محمد حفیظ اللہ قادری، صدر خواجہ محمد نسیم، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا اور یوتھ لیگ کے حاجی فاروق اکبر اور حاجی آفاق اکبر کے ہمراہ اہل تشیع کے مرکز ’’العصر سنٹر‘‘ میں بھی شہداء کربلا کی یاد میں مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں محمد نعیم رضا نے ہدیہ منقبت پیش کرنے کے علاوہ مختصر اظہار خیال بھی کیا۔ اس میں انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اہل بیت اطہار سے محبت و عقیدت اور اتحاد امت کے حوالہ سے پیغام بھی پہنچایا۔ بعد ازاں مولانا سید مرید حسین نقوی نے اپنے خصوصی خطاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دینی خدمات اور اتحاد امت کے حوالہ سے کوششوں کو سراہا۔

27 دسمبر 2009ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیراہتمام مسجد ابراہیم ویانا میں ظہر کی نماز کے بعد شہدائے کربلا کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آل پاک سے محبت کرنے والے ویانا بھر کے مسلمان مرد و خواتین کثیر تعداد کی وجہ سے مسجد کے دونوں ہال کھچا کھچ بھر چکے تھے۔ نماز عصر کے بعد حافظ یوسف غوری نے تلاوت کلام پاک سے محفل کا باقاعدہ آغاز کیا۔ آکاش غوری، محمد کاشف محمود، سید عثمان شاہ، شاہد راہی، حافظ یوسف غوری اور حاجی شاہد محمود نے شہدائے کربلا کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

نقیب محفل محمد نعیم رضا نے حاضرین کو شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد دلاتے ہوئے عظمت اہل بیت رضی اللہ عنہم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام امن و محبت کے علمبردار تھے جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر امت مسلمہ کو انقلاب کے جذبہ سے روشناس کرایا۔ اس موقع پر انھوں نے نہتے مسلمانوں کو بم اور خود کش دھماکوں کا نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کی بھر پور مذمت کی۔

آخر میں محفل کے مہمان خصوصی، نور اسلامک سنٹرکے خطیب علامہ عبدالحفیظ الازہری نے اپنے خطاب میں قرآن حکیم کی روشنی میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور اس کے مقاصد بیان کئے۔ آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے جملہ شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ نماز مغرب کے بعد حافظ گلزار احمد نے ختم شریف پڑھا اور شہدائے کربلا کی روح کو ایصال ثواب کیا۔ اس موقع پر منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری کے برادر مرحوم اور تمام امت کے مرحومین کے لئے خصوصی دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کو حسینی لنگر پیش کیا گیا، جس کا اہتمام حاجی الطاف حسین اور ان کے اہل خانہ نے کیا تھا۔

محرم الحرام کے ان تمام پروگرامز کو کامیاب بنانے میں منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم، امیر محمد حفیظ اللہ قادری، نائب صدر ملک محمد شفیع، فنانس سیکرٹری ملک محمد امین اعوان، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، سیکرٹری اجتماعات حاجی نسیم ملک، جوائنٹ سیکرٹری اعجاز رشید ملک نے خصوصی کاوشیں کیں۔ ان کے علاوہ منہاج میڈیا بیورو یورپ کے کوآرڈینیٹر اور جذبہ انٹرنیشنل کے بیورو چیف محمد اکرم باجوہ، ساؤتھ ایشین پریس کے چیئرمین محمد بشیر ناصر، صدر محمد اقبال غوری، انتظامیہ مسجد ابراہیم اور نور اسلامک سنٹر کے منتظمین کا تعاون بھی شامل تھا۔

تبصرہ