منہاج یوتھ لیگ کارپی، اٹلی کا اجلاس

مورخہ 25 دسمبر 2009ء بروز جمعۃ المبارک بعد نماز مغرب کارپی اٹلی میں مرکزی ناظم ظہیر انجم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منہاج یوتھ لیگ ریجوایلملیا، مودنہ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اجلاس کا آغاز حسب معمول تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد اقدس شہزاد نے حاصل کی جبکہ گلہائے عقیدت محمد خالد حسین نے نچھاور کئے۔ ظہیر انجم (ناظم اٹلی) نے منہاج یوتھ لیگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کی کمی عرصہ سے محسوس کی جارہی تھی اور مرکزی ناظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پانچ رکنی کنوینئر ٹیم کا قیام عمل میں لایا گیا جس نے اپنی بھرپور محنت سے باڈی مکمل کر لی جو کہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کا اولین مقصد نوجوانوں کی سیرت و کردار کو اس طرح تعمیر کرنا ہے کہ وہ دنیا کی امامت، قیادت کا فریضہ ادا کر سکیں اور معاشرے سے باطل، طاغوتی، استحصالی اور ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ کردیں اور ان کی جدوجہد کے نتیجہ میں بالآخر پر امن مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو جائے۔

انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے قیام کے عمل میں قائمقام مرکزی صدر افضال سیال، صدر ریجوالملیا مودنہ محمد اشرف بٹ، ملک محمد ظریف اور صوفی محمد افتخار کی کارکردگی پر بھی مبارکباد پیش کی۔ اس خصوصی اجلاس میں مرکزی ناظم منہاج القرآن اٹلی ظہیر انجم، نائب ناظم نشرواشاعت شکیل احمد، نائب ناظم ویلفیئر ملک محمد طریف، نائب ناظم مالیات قاری غلام رسول اور صوبائی تنظیم کے صدر محمد اشرف بٹ، امیر تحریک ریجوایلملیا، مودنہ علامہ غلام مصطفیٰ مشہدی سلطان محمود کی موجودگی میں تمام ساتھیوں نے مشترکہ طور پر حسب ذیل تنظیم کو نامزد کیا۔

صدر محمد اقدس شہزاد، نائب صدر منیر احمد
ناظم محمد خالد حسین، نائب ناظم شہزاد احمد

جبکہ پانچ رکنی ٹیم میں مدثر رحمن، ذیشان جاوید، محمد اعجاز، محمد وقاص بٹ اور بلاول علی بٹ شامل ہیں۔

اجلاس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں محمد حسن، محمد ندیم، وقاص بٹ، محمد عدنان، مبشر حسین، عقیل اشرف، ظفر اقبال، سمیع اللہ، خلیل غضنفر، محمد علی، وقاص حسین، منیر احمد، محمد اویس اور بوریتو، گلتیری، ریوسالی چیتو اور کارپی کے نوجوان شامل تھے۔

علامہ غلام مصطفیٰ مشہدی نے منہاج القرآن کی تنظیم نو پر تمام احباب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نوجوان قوم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تنظیمی نیٹ ورک کو بہتر اور مضبوط بنانے کے لئے مختلف پہلوؤں پر گفتگو بھی کی۔ اجلاس کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: شکیل احمد

تبصرہ