منہاج یونیورسٹی کے طالبعلم شفاقت علی نے مصر کی یونیورسٹی ’’جامعۃ الدول العربیۃ‘‘میں فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز سے ایم فل کی ڈگری +A گریڈ کے ساتھ حاصل کر لی ہے۔ وہ یونیورسٹی میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔ ان کے فائنل مقالہ کا موضوع (الروابط الترکيبية فی الجملة العربية) (The structural Combiners of the Arabic sentence)تھا۔ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد موضوع تھا۔ یونیورسٹی نے امتحان پاس کرنے کے بعد وائیوہ لے کر ان کے رزلٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا وائیوہ 17 دسمبر 2009ء کو انسٹیٹیوٹ آف عریبک ریسرچ اینڈ سٹڈیز (IARS) میں ہوا۔ قاہرہ یونیورسٹی میں صرف و نحو اور عروض کے پروفیسر ڈاکٹر محمد حماسۃ، شفاقت علی کے تحقیقی مقالہ کے نگران تھے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد العبد اور پروفیسر ڈاکٹر احمد کشک وائیوہ کمیٹی کے اراکین تھے۔
مقالہ کے نگران اور Viva کمیٹی کے ارکین کاکہنا تھا کہ عربی زبان و ادب کے دقیق موضوع پر کسی غیر عربی کا ایسے بحث کرنا قابل ستائش ہے۔ کمیٹی اراکین نے شفاقت علی کی علمی کاوش کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔
شفاقت علی نے 1998ء میں منہاج یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا اور 2005ء میں اپنی ’’الشھادۃ العالمیۃ‘‘ مکمل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے مصر چلے گئے تھے۔ 2005ء میں انہوں نے مصر کی جامعۃ الازھر میں کالج آف اسلامک لاء میں داخلہ لیا۔ اس کے علاوہ وہ عراق کے شہر بغداد کی ’’جامعۃ المستنصریۃ‘‘ کے بھی طالبعلم رہے۔
دریں اثناء مصر میں اعلیٰ تعلیم میں مصروف منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین القادری نے شفاقت علی کو اس کامیابی پر خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شفاقت علی نے محنت اور اخلاص سے تعلیم حاصل کی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں اس کامیابی سے نوازا۔ ان کی یہ کامیابی تمام منہاجینز اور مصر میں پاکستانی طلبہ کے لیے بھی قابل فخر اور ایک مثال ہے۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی میں شفاقت علی کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف عربی اور غیر عربی ممالک کے طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ ضیاء الامت حضرت پیر کرم شاہ رحمتہ اللہ کے صاحبزادے ابو الحسن شاہ اور لیکچرار الازھر یونیورسٹی و عین الشمس یونیورسٹی ڈاکٹر غلام محمد قمر الازھری نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس تقریب کے شرکاء نے پاکستانی طلبہ اور منہاج یونیورسٹی کے تمام طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جبکہ شفاقت علی کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
رپورٹ : محمد نواز شریف، غلام صمدانی
تبصرہ