ماہ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں منہاج القرآن کوریا کے زیراہتمام سووان اسلامک سنٹر میں رفقاء واراکین کیلئے دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں رفقاء و اراکین نے شرکت کی۔ تربیتی کیمپ کے پہلے روز مرکزی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پاکستان سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ آپ نے بڑی مختصر اور جامع گفتگو فرمائی جس کو حاضرین نے بے حد سراہا، آپ نے قرآن و حدیث کی روشنی میں تربیتی گفتگو فرمائی۔ منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد اور تربیت کے کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں تربیتی کیمپ امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا محمد جمیل چودھری نے موجودہ دور میں منہاج القرآن کی قومی و بین الاقوامی خدمات پر خطاب کیا اور وقت کی ضرورت کے مطابق ذمہ داریوں پر بھی گفتگو کی۔ غلام محمد خان قادری نے تربیتی گفتگو کی اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دیے۔ حافظ محمد بشیر نے حلقہ تعلیم القرآن میں شرکاء کو قرآن کیسے پڑھا جائے، حروف کو کس طرح ملانا چاہیے اور مسائل پر گفتگو کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے سینئر عہدیداران محمد بوٹا قادری، رانا محمد عدیل، مرزا ساجد بیگ، عابد قادری، منور حسین اور انکی ٹیم نے شرکاء کیلئے سحری و افطاری کا اعلیٰ انتظام کیا۔
منہاج القرآن یوتھ لیگ کوریا کے زیراہتمام میری پہچان پاکستان سیمینار
منہاج القرآن یوتھ لیگ کوریا کے زیراہتمام Minjo Nochong Labour Party کے سیمینار ہال میں ایک شاندار پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ جسمیں خصوصی شرکت سفیر پاکستان جناب مراد علی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مدثر اقبال، امیر منہاج القرآن کوریا محمد جمیل چودھری اورحافظ محمد انور نے خصوصی شرکت کی۔ منہاج القرآن کوریا کے عہدیداران مرزا ساجد بیگ، غلام محمد قادری، محمد بوٹا قادری، عابد علی قادری اور محمد عدیل رانا نے شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت محمد عقیل قادری اور وقار احمد خان نے حاصل کی۔ کمپیئرنگ کے فرائض محمد زاہد گھمن نے اداکئے۔ ملی نغمے پیش کرنے والوں میں محمد ارشد، محمد اعجاز، عرفان علی، محمد صائم ادریس، مرزا نثار انجم شامل تھے جبکہ فہد نثار قادری نے قومی ترانہ پیش کیا۔ سفیر پاکستان مراد علی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم میں سے ہرفرد اپنے ملک کا سفیر ہے، اپنے ملک کی پہچان ہے۔ آج کثیر تعداد میں پاکستانی کمیونٹی ساؤتھ کوریا میں حصول روزگار کیلئے مقیم ہے، آپکو چاہیے کہ آپ یہاں سے ہنر سیکھیں اپنے ملک میں جا کر سمال انڈسٹری لگائیں تاکہ اپنے ملک کو فائدہ ہو۔ یہاں سے آپ کچھ سیکھ کر جائیں گے تواس سے اپنے ملک کو فائدہ ہوگا، آپ کے خاندان کو فائدہ ہوگا۔
صدر منہاج القرآن کوریا محمد جمیل قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے حصول کے لئے ہمارے آباؤاجداد نے جو قربانیاں دیں اس کا مقصد صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں تھا بلکہ ایک ایسا ملک تھا جہاں پر مسلمان آزادی کے ساتھ قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنی زندگی بسر کرسکیں۔ جہاں انکی جان و مال عزت محفوظ ہو، جہاں اسلام کی حکمرانی ہو، شریعت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نفاذ ہوا جس کا خواب حکیم الامت علامہ محمد اقبال نے دیکھا، جس کی تعبیر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں عمل میں آئی، آج تک اُسکی تکمیل نہ ہوسکی، آج کا دن تجدید عہد کادن ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اس خواب کی تکمیل کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں جسکی خاطر اتنا خون بہایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری جیسی عظیم قیادت کی ضرورت ہے تاکہ اس خواب کی تکمیل ہو سکے۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء کو کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کے لئے خصوصی تعاون کرنے والوں میں راجہ محمد اسرار، استخار چودھری، حاجی محمد اسحاق، محمد رضوان، مردان علی، وقاراحمد خان اور محمد اقبال شامل تھے۔
رپورٹ: وقار احمد خان قادری (سیکرٹری میڈیا MQI کوریا)
تبصرہ