منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بنگلہ دیش کی طرف سے رمضان پیکج کی تقسیم

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بنگلہ دیش نے ماہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں غریبوں اور مستحقین کے لیے رمضان پیکج کا اہتمام کیا تھا۔ جسے ماہ رمضان المبارک کے دوران مستحق افراد تک پہنچایا گیا۔ رمضان پیکج میں راشن کے علاوہ سلے ہوئے کپڑے بھی شامل تھے۔ یہ انتظام بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں کیا گیا تھا۔ اس مہم کے دوران کم و بیش تقریبا 3 ہزار روزہ داروں کی افطاری کا اہتمام کیا گیا اور ایک سو پندرہ مرد و خواتین میں کپڑوں کے سوٹ تقسیم کئے گئے۔

بنگلہ دیش کے جن علاقوں اور شہروں میں رمضان پیکج کی تقاریب منعقد کی گئیں، ان میں فورہ شہر میں مولانا علی اصغر اور مولانا عثمان غنی، جمال خان شہر میں مولانا محمد حسن اور ضیاء الرحمان، دوہزاری شہر میں مولانا ذاکر حسین، گوشائل ڈنگا میں شاہ نواز، خٹک جیری میں احسان المرشد، اوڑکنجن نگر حالی شہر میں خورشید عالم، ابوالکلام، فیض احمد، ابوالقاسم، عبدالوحید اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ان تمام تقاریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے صدر اور ناظم محمد ابوالکلام کے علاوہ دیگر عہدیداران اور کارکنان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

منہاج القرآن کے زیراہتمام ان تقاریب کے انعقاد سے بنگلہ دیشی معاشرے پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوئے اور بنگلہ دیش کی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نے ان تمام فلاحی سرگرمیوں کو نمایاں کوریج دی۔ اس موقع پر منہاج القرآن بنگلہ دیش کے عہدیداران نے عزم کیا کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں خدمت خلق کا یہ فریضہ ہر لمحے جاری و ساری رکھیں گے۔

دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے زیراہتمام بنگلہ دیش میں منہاج ماڈل سکول بھی کامیابی سے چل رہا ہے۔ اس سکول کو "الحاج عثمان غنی سنیہ مدرسہ اینڈ منہاج القرآن اکیڈمی" کا نام دیا گیا ہے۔ یہاں یتیم و بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام کیا گیا ہے۔ سکول میں درجنوں یتیم و بے سہارا بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں، جنہیں عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔ بچوں کے تعلیمی اخراجات کے ساتھ ساتھ ان کی رہائش اور کھانے کا اہتمام بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بنگلہ دیش کے ذمہ ہے۔ منہاج القرآن اکیڈمی میں بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دینے کے ساتھ حفظ کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہاں باقاعدہ قراء صاحبان کی نگرانی میں بچوں کو قرآن پاک حفظ کرایا جا رہا ہے۔ بچوں کی عمدہ تعلیم و تربیت کے لیے اساتذہ کرام میں خواتین معلمات بھی شامل ہیں۔ یہ خواتین معلمات بچوں کے ساتھ ننھی منھی بچیوں کو بھی تعلیم دے رہی ہیں۔ بنگلہ دیش میں یہ کسی بھی غیر سرکاری اور غیر ملکی ادارے کا منفرد تعلیمی ادارہ ہے، جہاں بچوں کی مفت تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔

رپورٹ: محمد ابوالکلام (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش)

تبصرہ