اٹلی میں Peace & Integration Workshop کا انعقاد

منہاج یورپین کونسل اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیر انتظام 3 روزہ Peace & Integration Workshop کا انعقاد کیا گیا۔ 17 تا 19 جولائی تک ہونے والی اس ورکشاپ کو میلان کے معروف ہوٹل Ripa Monti میں منعقد کیا گیا۔ ورکشاپ کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفی المدنی، صاحبزادہ احمد مصطفی العربی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر علامہ نذیر احمد خاں قادری، کوآرڈینیٹر نظامت امورخارجہ داؤد حسین مشہدی، امیر یورپین کونسل علامہ حسن میرقادری، صدر یورپین کونسل سید ارشد شاہ، سینئر نائب صدر یورپین کونسل محمد نعیم چوہدری، ناظم یورپین کونسل حافظ محمد اقبال اعظم، ناظم میڈیا یورپین کونسل میاں مقصود اکرام، نائب ناظم نشر و اشاعت یورپین کونسل نوید احمد اندلسی اور یورپین کونسل کے دیگر رہنماوں نے بھی ورکشاپ میں خصوصی شرکت کی۔

ورکشاپ کاپہلا دن

تربیتی ورکشاپ کے شرکاء ایک روز پہلے ہی میلان کے قریبی ائیر پورٹس (Malpensa, Bergamo) پر پہنچنا شروع ہو گئے۔ ورکشاپ کے پہلے روز صبح 7 بجے ہی یورپ بھر سے منہاج القرآن کے رفقاء و عہدیداران کی آمد شروع ہو گئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کی جانب سے معزز شرکاء کو ائیر پورٹ سے بسوں اور گاڑیوں کے ذریعے ہوٹل تک پہنچایا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے مختلف ممالک سے وفود اور قافلوں کو پروقار انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

ہوٹل پہنچنے پر رجسٹریشن کاؤنٹر پر تمام افراد کا اندراج کیا گیا اور ان کو ہوٹل کے کمروں کے کارڈ دیئے گئے۔ شرکاء کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے صبح 7 بجے سے دن 4 بجے تک رجسٹریشن جاری رہی۔ دن 2 بجے شرکاء ہوٹل کے قریب واقع ہال میں پہنچے جہاں نماز جمعہ کا انتظام کیا گیا۔ اس تاریخی تربیتی کیمپ کی کوریج کے لیے یورپ بھر سے منہاج القرآن کی تنظیمات کے نشر و اشاعت کے ذمہ داران او ر میڈیا کے نمائندے بھی آئے۔ ان میں راقم (نائب ناظم نشر و اشاعت یورپین کونسل نوید احمد اندلسی)، میڈیا کونسل فرانس کے انچارج خلیل احمد راؤ، منہاج یورپین کونسل کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور نیوز ا یجنسی "اپنا" جرمنی کے محمد شکیل چغتائی، "جذبہ انٹرنیشنل" آسٹریا کے محمد اکرم باجوہ، "پاک نیوز" سپین کے شفقت علی رضا، آسٹریا میں کیمونٹی ریڈیو کے سید محمد جمیل اور "فری ہینڈ نیوز" کے وقاص گھمن شامل ہیں۔

اجتماع جمعہ سے منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے "قائد اور کارکن "کے موضوع پر خطاب کیا۔ نماز جمعہ کے بعد امیر تحریک منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری نے تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز کرایا۔ اس موقع پرتلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری محمد طارق (فرانس) نے حاصل کی۔ اس کے بعد یورپ بھر سے آئے ہوئے مختلف نعت خوانان نے درود منہاج کی صداؤں میں آقاء دو جہاں (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا ان میں قاری محمد طارق (فرانس)، محمد اصغر قادری(یونان)، فرحان اسلم(فرانس)، محمد قدیر احمد خان (بارسلونا، سپین) اور محمد افضل قادری(میلان اٹلی) شامل ہیں۔ کیمپ میں علامہ حسن میر قادری نے خطبہ استقبالیہ دیا۔

منہاج یورپین کونسل کے سینئر نائب صدر محمد نعیم چوہدری نے منہاج یورپین کونسل اور منہاج القرآن اٹلی کی طرف سے شرکاء کو کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ اس دوران نماز عصر ادا کی گئی۔ شام پونے سات بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہال میں تشریف لائے تو وہاں موجود 700سے زیادہ افراد نے نعروں اور تالیوں کی گونج میں آپ کا استقبال کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب سے قبل تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کیمپ کو خوبصورت انداز میں منعقد کرنے پر انتظامیہ کو خصوصی مبارک باد دی۔

اس موقع پر میلان اٹلی کے کیتھولک چرچ کے تعلقات بین المذاھب کے انچارج پادری Giampiero Alberti بھی خصوصی دعوت پر کیمپ میں آئے اور انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ شیخ الاسلام نے ان کو کیمپ میں آمد پر خوش آمدید کہا۔ یہاں اطالوی زبان میں تبادلہ خیال ہوا۔ منہاج یوتھ لیگ کی مقامی تنظیم کے نوجوان فیضان اشرف اور منہاج یورپین کونسل کے صدر محمد ارشد شاہ نے اطالوی زبان میں ترجمہ کیا۔ مسیحی کیمونٹی کے نمائندے پادری Giampiero Alberti نے کہا کہ وہ بین المذاہب ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ منہاج القرآن کی فروغ امن کے لیے کوششوں اور عملی کام سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تمام چرچوں کے دروازے منہاج القرآن کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مسیحی برادری کے نمائندہ کو بتایا کہ منہاج القرآن یورپ اور دنیا بھر میں مختلف مذاھب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مسیحی کیمونٹی کے نمائندے کے پیغامات کو سراہتے ہوئے منہاج القرآن کی طرف سے اٹالین اور مسیحی کیمونٹی کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھی دیا۔

خطاب شیخ الاسلام

تربیتی کیمپ کے پہلے روز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے "باہمی اخوت اور سنت نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)" کو موضوع بنایا۔ آپ نے خطاب کے دوران ان باتوں پر زور دیا۔

  • میاں بیوی کے باہمی تعلقات، گالی گلوچ مکمل حرام ہے۔
  • سب سے بڑا صدقہ بیوی بچوں کو کھانا کھلانا ہے۔
  • بچوں کے ساتھ محبت و انس اور اچھا رویہ رکھنے کی اہمیت۔
  • سنت کی اتباع اور اس کی برکات، پوری زندگی کو سنت نبوی بنانے کی تلقین۔
  • حصول رزق حلال کی برکات، حصول رزق حلال کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے بندے کے ایسے گناہ بھی معاف ہو جاتے ہیں جو حج، زکوۃ اور روزہ سے بھی معاف نہیں ہوتے۔
  • تنظیمات کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے برداشت اور اختلاف رائے کی اہمیت۔
  • ولی اللہ اور غیر اللہ کا فرق، جو محبت اللہ کو بھلا دے وہ غیر اللہ کی محبت ہوتی ہے اورجو محبت اللہ کی یاد دلائے وہ ولی اللہ کی محبت ہوتی ہے۔
  • نیک کام کرنے کی آسانی اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہوتی ہے۔ نیک کام کرتے وقت اللہ تعالیٰ سے ڈرنا بھی لازمی ہے کیونکہ یہ توفیق جس نے دی ہے وہ واپس بھی لے سکتا ہے۔
  • اپنے تمام کاموں سے "میں" کو نکال دیا جائے تو بہت سے مسائل حل ہو جاتے ہیں، جو کام بھی کریں اس کو اپنے ساتھ منسوب نہ کریں ہر کام کو اللہ تعالیٰ اور اس کی رضاء سے منسوب کریں۔

شیخ الاسلام کی گفتگو کے دوران نماز مغرب کا وقفہ ہوا جس کے بعدخطاب رات 12 بجے تک جاری رہا۔ رات12 بجے نماز عشاء کی ادائیگی کے بعد شرکاء کے لیے ہوٹل کی پچھلی جانب واقع وسیع و عریض صحن میں اوپن ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

دوسرا دن

کیمپ کے دوسرے دن امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری نے تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے دن کی پہلی نشست کا آغاز کرایا۔ انہوں نے "خدمت دین کے لیے مطلوبہ کردار" کو منہاج العمل کی روشنی میں بیان کیا اور کارکنان کو نصیحت کی کہ وہ اپنے ممالک میں واپس جا کر منہاج العمل کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالیں۔ علامہ حسن میر قادری کی گفتگو کے بعد 12 بجے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج القرآن کے مقاصد اور اھداف پر موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے رفقاء و کارکنان کو تحریک کے دستور پر عمل کرنے، مرکز کے فیصلہ جات پر عمل درآمد کرنے اور کروانے، آپس کے اختلافات کو احسن طریقے سے حل کرنے اور دوسروں کے اختلاف رائے کے احترام پر زور دیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ نے کارکنوں کو دعوت و تبلیغ حق، اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین، ترویج و اقامت اسلام کے اہداف، تعلق باللہ، ربط رسالت، رجوع الی القرآن، فروغ اخوت و بھائی چارہ اور فروغ امن و استحکام کے مقاصد پر عمل کرنے پر بھی زور دیا۔

ناظم اعلیٰ کے خطاب کے بعد پروجیکٹر سکرین پر منہاج القرآن کی مختلف نظامتوں کے تعارف پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس کو شرکاء نے بہت پسند کیا۔ دن 2 بجے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجدیدی خدمات پر اظہار خیال کیا۔ اس کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اوصاف قیادت کے موضوع پر علمی و فکری خطاب کیا۔ ان کے دو گھنٹے پر مشتمل خطاب کے اہم نکات یہ ہیں۔

  • قیادت کا منزل دکھائے جانے کے باوجود صبر اور برداشت کے مراحل سے گزارا جانا (انبیاء کرام اور اولیائے کرام کے احوال کی روشنی میں)۔
  • انبیاء و اولیاء کے طریق کی طرح منہاج القرآن بھی اپنی منزل اور اھداف کی تکمیل کے لیے کامیابی سے رواں دواں ہے۔
  • منزل کے حصول کے لیے صبر و تحمل، برداشت اور جہد مسلسل کی ضرورت۔

نماز عصر کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب شروع ہوا جس میں انہوں نے درج ذیل نکات پر گفتگو کی۔

  • کارکنان کی تربیت کی ضرورت اور اس کا طریقہ کار۔
  • جھوٹ، غیبت، دھوکہ بازی اور فریب سے دور رہنے کی ہدایت۔
  • بیوی، بچوں، عزیز و اقارب اور ہمسائیوں سے صلہ رحمی سے پیش آنے کی ہدایات۔
  • دعوت کے نظام کو مربوط بنانے کی ضرورت۔
  • اجتماعی و انفرادی طور پر تمام لوگوں کو حصول علم کی دعوت۔
  • تمام تحریکی لوگوں کو اپنے گھروں میں حلقہ درود بنانے کی ھدایت۔
  • رات کو سونے سے قبل اور عام زندگی میں ذاتی محاسبہ۔
  • اعمال صالح کی اہمیت، روز قیامت ان کی مدد سے شفاعت۔
  • اچھی زندگی اس کی ہے جس کو موت اچھی ہو گی۔
  • اچھا لباس اور اچھا کھانا آقا ء (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی سنت ہے۔
  • اچھے اخلاق کی اہمیت۔

شیخ الاسلام کے خطاب کے آخر میں نماز مغرب ادا کی گئی جس کے بعد ڈنر ہوا اور دوسرے دن کی نشست ختم ہو گئی۔

تیسرا دن

فروغ امن و استحکام کیمپ کے تیسرے دن بھی حسب معمول تلاوت و نعت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی مقامی تنظیم درامن کے عہدیداران نے اپنے نئے تعمیر شدہ مرکز کی تعارفی تقریب منعقد کی۔ اس میں انہوں نے نئے مرکز کی تفصیلات بتائیں کہ یہ یورپ میں تحریک کا یہ پہلا مرکز ہے جو زمین خرید کر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے بعد منہاج مصالحتی کونسل کے ڈائریکٹر محمد اعجاز وڑائچ نے پروجیکٹر سکرین کے ذریعے منہاج مصالحتی کونسل کی سرگرمیوں کے بارے میں ڈاکومنٹری پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ناروے میں منہاج مصالحتی کونسل جبری شادیوں کے خلاف شعور بیدار کرتی ہے، پاکستانی گروپس کی آپس میں لڑائیوں کے حل کے لیے پولیس کی معاونت کرتی ہے اور سنت فاروقی پر عمل کرتے ہوئے راتوں کو گلیوں میں سوئے ہوئے غریبوں کو کھانا بھی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اوسلو پولیس کے تربیتی نصاب میں منہاج مصالحتی کونسل کی ایک کلاس بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

ڈاکومنٹری کے بعد ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آغوش منصوبہ کی مزید تفصیلات بتائیں کہ آغوش کی تعمیر تقریباً 34 کروڑ روپے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آغوش کو 6 بلاکس اور یونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آغوش کی تعمیر و تکمیل کے لیے منہاج یورپین کونسل کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین کو ڈائریکٹر ویلفیئر فاؤنڈیشن برائے یورپ مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران ہال میں موجود مختلف تنظیمات کے صدور و ناظمین نے تنظیمی اور کارکنان نے انفرادی طور پر آغوش کی تعمیر میں اپنے عطیات کا اعلان کیا۔ علامہ محمد اقبال اعظم نے بتایا کہ وہ آئندہ مہینوں میں ان تمام ممالک کا دورہ کریں گے جن کی تنظیمات نے عطیات جمع کرنے کے اہداف اپنے ذمہ لیے ہیں۔ عطیات کے اعلانات کے دوران کانفرنس ہال میں موجود خواتین نے آغوش کے پروجیکٹ کے لیے اپنے زیورات بھی پیش کیے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے منہاج القرآن یورپ کے کارکنان میں مرکز کی طرف سے certificate of excellence اور امتیازی شیلڈز کا اعلان کیا گیا۔ ان میں نوید احمد اندلسی (سپین)، محمد اقبال چوہدری (سپین)، محمد نواز کیانی (سپین)، محمد نعمان (فرانس)، فرہاد گلزار (فرانس)، حاجی محمد خالد (اٹلی)، محمد اشرف کھوکھر (اٹلی)، حاجی ارشد جاوید (اٹلی)، سرمد جاوید (اٹلی)، محمد علی بھاگٹ بمعہ فیملی (اٹلی)، محمد فیضان اشرف (اٹلی) اور دیگر شامل ہیں۔

کیمپ کے شیڈول کے مطابق مشاورت کے بعد منہاج یورپین کونسل کی تنظیم نو کی گئی جس میں امیر اور صدر کے لیے بالترتیب علامہ حسن میر قادری اور سید ارشد شاہ کی تقرری کی گئی جبکہ سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری فرانس سے حاجی محمد اصغر کو تفویض کی گئی۔ ہالینڈ سے تسنیم صادق کو جوائنٹ سیکریٹری، یونان سے الحاج محمد شفیق اعوان کو رابطہ سیکریٹری، فرانس سے علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین کو ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، ناروے سے حاجی اعجاز وڑائچ کو ڈائریکٹر مصالحتی کونسل اور یونان سے سید جمیل شاہ کو سیکریٹری مصالحتی کونسل مقرر کیا گیا۔ منہاج یورپین کونسل کی سابقہ نظامت نشر و اشاعت کو ختم کر کے میڈیا کوآرڈینیشن بیورو کا شعبہ قائم کر دیا گیا۔ اس میں فرانس سے احمد خلیل راؤ کو صدر اور نوید احمد اندلسی کو سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ اس نئے شعبہ کی سرپرستی کی ذمہ داریاں جرمنی کے معروف پاکستانی صحافی محمد شکیل چغتائی کریں گے۔ علاوہ ازیں آسٹریا سے محمد اکرم باجوہ اور اٹلی سے سمیع اللہ وڑائچ کو بھی اس بیورو کا ممبر بنایا گیا ہے۔

تربیتی کیمپ اپنے آخری سیشن میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سالگرہ تقریب ہوئی، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، صاحبزادہ احمد مصطفی المدنی اور ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے صاحبزادوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے صاحبزادوں نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ سالگرہ کی مختصر تقریب کے بعد شیخ الاسلام سے تنظیمی اور انفرادی ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا۔ کانفرنس کے تمام شرکاء نے انفرادی طور پر ان سے ملاقات و مصافحہ کیا۔ شیخ الاسلام نے سب کی کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم MQI فرانس رانا فیصل علی قادری اور ناظم MQI سپین نوید احمد اندلسی مختلف ممالک سے آنے والے شرکاء کا تعارف بھی کرواتے رہے۔ ملاقاتوں کے بعد کانفرنس ہال میں منہاج القرآن جنوبی اٹلی کی تنظیمات کے قوال گروپ کی طرف سے مختصر محفل سماع کی گئی جس کے بعد تربیتی کیمپ کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کر دیا گیا۔

تبصرہ