ناروے کے دالحکومت اوسلو کے مضافات میں واقع خوبصورت شہر درامن میں ستر کی دہائی سے پاکستانی نژاد مسلمان آباد ہیں۔ مذہبی ذوق وجذبہ رکھنے والے احباب کی کاؤشوں سے1987میں جماعت اہلسنت کے نام سے ایک مذہبی تنظیم کا وجود عمل میں آیا۔ پہلے پہل نماز تراویح، نماز جمعہ اور بعدازاں پنجگانہ نماز اور بچوں کی مذہبی و دینی تعلیم کیلئے کاوشیں شروع ہوئیں۔ الحمداللہ 1980سے یہ تمام کام جاری و ساری ہیں شروع میں ایک سرکاری سکول اور 2002 سے پاکستانی آبادی والے علاقے فییل پرفییل سنتر پر ایک بڑا ہال کرائے پر لیا اور تاحال یہ تمام سرگرمیاں اس میں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 1996ء میں مسجد اور اسلامک سنٹرکے لئے تقریباً 2200 مربع میٹر زمین خریدی گئی لیکن سٹی کونسل کی طرف سے منظوری میں تاخیر کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا۔ باالآخر 2008ء میں مجوزہ نقشے پر اسلامک سنٹر بنانے کیلئے اجازت نامہ ملا۔ اس مسجد سے وابستہ افراد اکثر احباب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سنتے رہتے تھے اور مشن سے متاثر تھے اور انہوں نے اوسلو میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کام اور خاص طور پر تعلیمی سرگرمیوں سے متاثر ہو کر اور مستقبل کے اس عظیم الشاں مرکز کو جدید اور سائنسی خطوط پر استوار کرنے کیلئے اور ایک متحرک صاحب کردارقیادت سے منسلک کرنے کیلئے اس تمام منصوبے کو منہاج القرآن انٹرنیشنل میں ضم کردیا۔ اب اس جگہ پرمنہاج القرآن انٹرنیشنل کا ایک عظیم الشاں اسلامک سنٹربنایا جا رہا ہے اس منصوبے پر تاحال 4 ملین نارویجن کراؤن خرچ ہوچکے ہیں۔
مارچ 2009ء میں منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن کی درخواست پر MQIاوسلو کے ڈائریکٹر علامہ نور احمد نور کی ٹرانسفر درامن سنٹر پر کر دی گئی۔ اس سنٹر پر سب سے پہلے تنظیم سازی کی گئی۔ اور ایک ماہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن سسٹرز لیگ، منہاج مصالتی کونسل، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور منہاج ایجوکیشن کونسل کی تنظیم سازی مکمل ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ مجلس مشاورت اور سنٹرکیلئے فنڈ ریزنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جاچکی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام پر خاص توجہ دی جارہی ہے اور تعلیمی نظام میں تبدیلیاں لا کر اسے جدید خطوط پراستوارکیا جارہاہے اس کے علاوہ خواتین و حضرات کیلئے الگ الگ تعلیمی کلاسز کا آغاز کیا جس میں قرآن مجید، حدیث پاک، فقہ اور تحریکی و تربیتی امورکی تربیت دی جارہی ہے نوجوانوں کیلئے ماہانہ شب بیداری کا اہتمام کیا جا رہا ہے الحمداللہ مارچ میں پہلی شب بیداری میں چالیس کے قریب نوجوانوں نے اپنے رب کے حضور آنسووں اور گریہ و زاری کا نذرانہ پیش کیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کا منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے کارکنان سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے درامن کے نئے مرکز کے قیام پر ناروے کے جملہ کارکنان کو مبارکباد دی۔ اور نئے مرکز کیلئے خصوصی دعا فرمائی اور تمام عہدیداران اور کارکنان کو خصوصی تاکید فرمائی کی نئے مرکز کے منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئیے بڑھ چڑھ حصہ لینے کی ہدایات فرمائیں۔ اس موقع پر بہت بڑی تعداد میں منہاج القرآن انٹڑنیشنل ناروے کے عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ جن میں افضل انصاری، پرویز نثار، ظفر سیال، لالہ بشیر، اعجاز احمد وڑائچ، عرفان انصاری، راجہ اشفاق ، ضعیم شوکت، افتخار محمود، شوکت محمود، شخ ارشد، شاہد طفیل، محمد یاسین، سلمیٰ ظفر، رافعہ روف، عظمیٰ حامد اور دیگر احباب نے شرکت کی اور اپنے قائد کی ہدایات کی روشنی میں درامن پروجیکٹ کو مکمل کرنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔ پروگرام کے آخرپر علامہ نور احمد نور نے دعا کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن، ناروے کی ایگزیکٹیو باڈی۔
نعمان سرور (صدر)، زبیر قیوم (نائب صدر)، علامہ نور احمد نور (ڈائریکٹر)، محمد یونس (ناظم )، گلزار احمد (ناظم مالیات)، کمیٹی اراکین میں کامران بشیر، محمد رحمان، نوازشریف، محمد اشرف، ناصر گوندل اور دلنواز شامل ہیں۔
تبصرہ