منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز علامہ قاری محمد سعید ہاشمی کی تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے ملک پاکستان سے سید الطاف حسین شاہ کاظمی، قاری عبد العزیز اظہر، جمعیت حسان، حاجی محمد مشتاق، محمد اشتیاق چشتی، حسنین حنیف، گلستان خان، محمد طاہر رزاق، اور دیگر نے شرکت کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن کے زیراہتمام 15ویں سالانہ میلاد النبی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں لاتعداد نعمتوں سے نوازا ہے لیکن کسی نعمت پر احسان نہیں جتلایا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر یہ نعمتِ عظمیٰ امتِ مسلمہ کو عطا کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم نے تم پر احسان کیا ہے۔ ۔ ۔ تو جس نعمت کو دے کر احسان جتایا جا رہا ہے وہ نعمت ہم سے واپس نہیں لی گئی بلکہ ہر دور میں اپنی رحمتوں اور فیوضات کے ساتھ ہمارے پاس موجود ہے۔

علامہ انوار المصطفیٰ ہمدمی نے کہا کہ ہمیں اللہ پاک کے اس احسان اور فضل کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے اور اس نعمت کے ملنے پر خوشی کا اظہار کرنا چاہئے تا کہ ہماری اولادوں تک محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام پہنچ سکے اور اقوامِ عالم جان لیں کہ عاشقانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کس طرح محبت کیساتھ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر خوش ہوتے ہیں۔ اس نعمت پر خوشی کیوں نہ منائی جائے اور مولد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس دن کو بطور عید کیوں نہ منایا جائے کہ جس کے صدقے سے ہمیں تمام عیدیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔

الشیخ ابو آدم احمد الشیرازی نے انگریزی زبان میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ایمان افروز خطاب کیا اور یہ پیغام دیا کہ تاجدارِ دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہمارے دین کی اساس اور بنیاد ہے۔ اس لئے اپنے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا عملی درس بھی دیجئے۔

نقیبِ محفل علامہ شمس الرحمان آسی نے کہا کہ یہ مہینہ خوشیوں اور مسرتوں کا پیغام لے کر ہر سال آتا ہے اور عاشقانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کی طرف سے ملنے والے کائنات کے سب سے بڑے فضل پر بڑھ چڑھ کر خوشیاں مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم زندگی میں چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو بڑے اہتمام کے ساتھ مناتے ہیں لیکن جب دونوں جہانوں کے سردار کی ولادت کی خوشی کا وقت آتا ہے تو ہمارے بہت سے ساتھی دلیلیں پوچھنے لگتے ہیں حالانکہ یہ قرآن پاک سے ثابت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کائنات کا سب سے بڑا فضل ہے تو سب سے بڑے فضل پر خوشی کا اظہار کیوں نہ کیا جائے۔

اس عظیم الشان محفل میں ایک عمرے کا ٹکٹ بھی ایک خوش نصیب کو دیا گیا اور دعوتِ میلاد کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ دورانِ محفل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ہونے والی عالمی ضیافتِ میلاد کی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ جن علماء کرام نے شرکت کی ان میں علامہ جنید عالم قادری، علامہ قاری محمد سعید ہاشمی، علامہ سید شفاء الحق شاہ، حافظ و قاری محمود الحسن شامل تھے جبکہ اہلِ علاقہ کے سینکڑوں افراد نے اس ایمان افروز محفل میں شرکت کی۔

رپورٹ: ایچ ایس رحمان (سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن انٹرنیشنل نیلسن)
مرتب: میاں محمد اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ