منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی سالگرہ تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 19 فروری بروز جمعرات کو بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 58ویں سالگرہ کے سلسلے میں ایک عظیم الشاں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرمنہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصاویر اور مبارک باد کے اشتہارات سے سجایا گیا۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر حاجی مظہر حسین نے کی۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے عہدیداران و ممبران، منہاج یوتھ لیگ سپین، منہاج ویمن لیگ، طلبہ منہاج القرآن بارسلونا اور پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیمات کے سربراہان کے علاوہ کثیر تعداد میں صحافی برادر ی نے شرکت کی۔ تقریب میں خواتین کی تعداد دیدنی تھی۔ اس پروگرام میں نقابت کے فرائض امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا حافظ محمد عابد نقشبندی نے سر انجام دیے۔

منہاج القرآن بارسلونا کے جن عہدیداران نے اس تقریب میں شرکت کی ان میں چوہدری علامہ عبد الرشید شریفی (امیر تحریک)، غلام حسین (صدر مجلس شوریٰ)، حاجی مظہر حسین (صدر)، نوید احمد اندلسی (سیکریٹری جنرل)، مرزا محمد اکرم بیگ (نائب صدر)، چوہدری محمد رمضان (نائب صدر)، محمد اقبال چوہدری (ناظم مصالحتی کونسل)، چوہدری پرویز اختر (نائب ناظم ویلفیئر)، حاجی محمد نذیر اداسی ( ناظم ممبر شپ)، ارشد محمود ( ناظم مالیات)، حاجی لیاقت علی (نائب ناظم مالیات)، قاری عبد الرحمان (نائب ناظم مالیات)، حاجی فیض بخش اعوان (ممبر مجلس عاملہ) اور حاجی اشتیاق احمد (ممبر مجلس عاملہ) شامل تھے۔ منہاج یوتھ لیگ سپین میں سے محمد عتیق (صدر)، احسن جاوید (سیکریٹری جنرل)، اسلام حسین (نائب صدر)، زاہد انور (ایگزیکٹو ممبر)، محمد نعمان (لائبریرین)، ارشد نواز (ایگزیکٹو ممبر)، رضوان علی سلطانی (ناظم مالیات)، محمد علی (ممبر) اور خرم شبیر (ممبر) سمیت دیگر شامل تھے۔ پاکستانی کیمونٹی کی مقامی تنظیمات کے جن نمائندگان نے اس تقریب میں شرکت کی ان میں علامہ مظفر حسین نقوی (نمائندہ شیعہ کیمونٹی)، جاوید مغل (چیف ایڈیٹر ہم وطن و ترجمان پاک فیڈریشن)، حافظ عبد الرزاق صادق (صدر پاک پریس کلب)، خالد شہباز چوہان (صدر پاک کتلان )، چوہدری عامر سیال (نائب صدر پاک فیڈریشن)، شاہد لطیف (صدر دعوت اسلامی)، بہادر حسین صابر (معروف شاعر)، ظفر اقبال حسن (صحافی نمائندہ NNA)، راجہ شعیب ستی (معروف سماجی شخصیت)، شفقت علی رضا (معروف صحافی )، سید ظفر علی شاہ (سیکریٹری جنرل پاک کتلان)، شاہد احمد شاہد (جذبہ انٹرنیشنل)، ممتاز منیر سہوترہ (ڈیلی یورو نیوز) اور ارشد نذیر ساحل (ہم وطن) شامل تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز صحیفہ ہدایت کی تلاوت سے کیا گیا جس کی سعادت علامہ عبد الرشید شریفی (امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا) نے حاصل کی۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے نعت خواں راجہ محمد شفیق نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا کلام پیش کیا۔ اس کے بعد حافظ محمد عاطف احتشام نے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے طلبہ کے ساتھ مل کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شان میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی کتاب نقش اول سے منتخب ترانہ (وہ علم کی ہے مشعل وہ معرفت کا دھارا) پیش کیا جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔

القائم اسلامک سنٹر بارسلونا کے سابقہ امام اور شیعہ کمیونٹی کے عالم دین علامہ مظفر حسین نقوی، بابائے صحافت اور ادارہ ہم وطن بارسلونا کے ڈائریکٹر جاوید مغل، پاکستان فیڈریشن سپین کے نائب صدر چوہدری عامر سیال، معروف کالم نویس اور صحافی ظفر اقبال حسن اور پاک کتالان ایسوسی ایشن کے صدر خالد شہباز چوہان نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے پاکستان فرقہ وارایت کے جراثیم کو جڑ سے اکھاڑ دیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو اتحاد کا سبق دیا۔ شیعہ عالم دین نے دفاع اہل بیت و صحابہ کرام اور فروغ عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے شیخ الاسلام کی خدمات کا بالخصوص ذکر کیا۔ انہوں نے حضور شیخ الاسلام کی عمر درازی کے لئے دعا بھی کی۔

ادارہ ہم وطن کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیت اس دنیا میں عرصے بعد آتی ہیں۔ انہوں نے شیخ الاسلام کی تعلیمی خدمات اور تمام مسالک سے بالاتر ہو کر تبلیغ اسلام کا خصوصی ذکر کیا۔

پاک فیڈریشن کے نائب صدر نے بھی شیخ الاسلام کے انداز خطاب اور تعلیمی خدمات کی تعریف کی اور ان کی300 سے زائد تصانیف اور ترجمہ عرفان القرآن کو اپنی گفتگو کو موضوع بنایا۔ انہوں نے نئے نسل کو سنوارنے کے لیے تحریک اور قائد تحریک کی طرف سے کیے جانے والے کام کی خصوصی تعریف کی۔

NNA کے نمائندہ نے کہا ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس وقت امت مسلمہ کو سہارا دے کر اتحاد کا درس دیا جب پاکستان میں ہر مسلک دوسرے مسلک پر کفر کا فتویٰ لگاتا تھا اور فرقہ واریت و قتل و غارت عروج پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی پکار ہے کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کے افکار پر عمل کریں اور اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریں۔

پاک کتالان کے صدر نے تحریک منہاج القرآن کے خدمت انسانی کے کاموں کو اپنی گفتگو کا موضوع بنایا اور کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قائم کردہ تحریک دنیا کے ہر ملک میں موجود ہے، ڈاکٹر صاحب نے اپنے مشن کی تکمیل کے لیے تعلیم کا راستہ اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تحریک منہاج القرآن کے تمام فاضلین ایک سے بڑھ کر ایک نظر آئے ہیں اور وہ تحریک کی تعلیمی خدمات سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے منہاج القرآن بارسلونا اور اس کے عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کارکنان اتنا کام کرتے ہیں تو قائد کے کام کا احاطہ کرنا ہمارے لئے ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی خوبیوں میں سے یہ بھی ہے کہ وہ اپنے خطابات میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے علمی لیول کے مطابق گفتگو کرتے ہیں۔

بارسلونا کے معروف شاعر بہادر حسین صابر نے حضور شیخ الاسلام کی شان میں اپنا لکھا ہوا قطعہ پیش کیا جس کو شرکاء نے بہت پسند کیا۔

منہاج ویمن لیگ سپین کی ناظمہ نشر و اشاعت محترمہ صغریٰ عنصر نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ جو شخص بھی تحریک منہاج القرآن کا رفیق بن جاتا ہے وہ براہ راست شہنشاہ اولیاء شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کا مرید بن جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تحریک منہاج القرآن کے رفقاء سے بہت پیار و محبت کرتے ہیں، اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تنویر قریشی شہید کو دفنانے سے قبل قبلہ حضور خود ان کی قبر میں اترے اور ان کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا ہمیں چاہیے کہ ہم بھی ایسے تحریکی بن جائیں جیسے تنویر قریشی تھے۔ مصطفوی مشن کی منزل کے حصول کے لیے یہ لازمی ہے کہ ہم تمام اپنے قائد کا دست و بازو بن جائیں۔ انہوں نے خواتین سے بھی تحریک منہاج القرآن کے حوالے سے خصوصی تربیتی گفتگو کی۔

ناظم منہاج مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چوہدری نے تقریب میں موجود تمام پاکستان اور ہسپانوی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مختلف حوالوں سے شیخ الاسلام کی امت مسلمہ کے لیے کی جانے والی خدمات کے بارے بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ امت مسلمہ کا ہمیشہ یہ المیہ رہا ہے کہ انہوں نے کسی اپنے لیڈر کو بھی اس کی زندگی میں نہیں پہچانا اور اس کے اس دنیا سے رخصت ہو جانے کے بعد ہی پہچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کے لیے جتنا کام کر رہے ہیں وہ غیرمعمولی ہے۔ انہوں نے کہا جو لوگ مخالفت میں ہوتے ہیں وہ عموماً کسی بات کی تحقیق نہیں کرتے۔ انہوں نے سب کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بات پر یقین کرنے سے قبل اس کی تحقیق لازمی کریں۔

انہوں نے حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک مرتبہ اونٹنی پر سوار تھے تو کسی سوال کرنے والے نے پوچھا کہ اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بتائیے کہ اس اونٹنی کی ٹانگیں کتنی ہیں، تو آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس اونٹنی سے نیچے اترے اور ٹانگیں گن کر بتایا کہ چار ہیں۔ یہ ہمارے لیے سبق ہے کہ ہر بات کی تحقیق کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے وہ بھی تحریک کے مخالفین میں سے تھے لیکن شیخ الاسلام کے ایک خطاب نے ان کو تبدیل کر دیا۔

نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد تقریب کے آخری مقرر امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے تمام حاضرین کو اس پروگرام میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ علامہ صاحب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ شیخ الاسلام کی اب تک 1000 سے زائد تصانیف لکھی جا چکی ہیں جن میں 360 سے زائد منظر عام پر آ چکی ہیں جبکہ دیگر طباعت و اشاعت کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن، منہاج السوی اور جامع السنہ سمیت دیگر اہم کتب امت مسلمہ کے لیے ایک بہت بڑے تحفے کی حیثیت رکھتی ہیں۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطابات اور کتب کی ذریعے دنیا کے ہر موضوع پر بیان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی کتب و خطابات سے حاصل ہونے والی جملہ آمدنی ہمیشہ کے لئے تحریک منہاج القرآن لیے وقف کر رکھی ہے۔

پروگرام میں کیک کاٹنے سے قبل ایک مرتبہ پھر منہاج القرآن کے طلبہ نے حافظ محمد عاطف احتشام کے ساتھ مل کر حضور شیخ الاسلام کی شان میں مشہور زمانہ ترانہ (ظلمت آفاق میں چمکے گا طاہر قادری) پیش کیا جس پر شرکاء محفل نے نعروں کے ساتھ طلبہ کو زبردست داد دی۔

امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، علامہ مظہر حسین نقوی، صدر یوتھ لیگ عتیق الرحمان اور سیکریٹری یوتھ لیگ احسن جاوید نے پہلا کیک جبکہ منہاج ویمن لیگ سپین کی عہدیداران نے دوسرا کیک کاٹا تو منہاج اسلامک سنٹر (دین حق کا ولی طاہر القادری) کے نعروں سے گونج اٹھا۔ کیک کاٹنے کے بعد علامہ عبد الرشید شریفی نے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و درازی عمر کے لیے رقت آمیز دعا کروائی جس پر مجدد رواں صدی کے 58ویں یوم پیدائش کے موقع پر سجائی جانے والی یہ عظیم الشاں تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس کے بعد منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے شرکاء میں کیک اور مٹھائی تقسیم کی۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی (ناظم منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین)
مرتب: میاں محمد اشتیاق (سیکرٹری امورخارجہ)

تبصرہ