ہانگ کانگ: ملی مجلس سیرت اور اسلامک بورڈ آف ٹرسٹیز کے زیراہتمام دوسری سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس بسلسلہ میلاد النبی ﷺ 14 ستمبر 2025ء بروز اتوار بعد از نماز ظہر جامع مسجد کولون ہانگ کانگ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل محترم ریاض احمد شیخ تھے۔
کانفرنس میں چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز محترم سعید الدین، مختلف تنظیمات کے سربراہان، علماء کرام اور کثیر تعداد میں خواتین و حضرات شریک ہوئے۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد طیب شمیم، مولانا امجد خان اور علامہ محمد ظہیر نقشبندی نے انجام دیے۔ قاری سجاد مالکی اور قاری محمد عثمان الترازی نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی جبکہ متعدد نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
کانفرنس سے ڈاکٹر مفتی محی الدین نحوی، مولانا عابد، علامہ قاری قدرت اللہ سلطانی، مولانا شوکت زمان، مفتی محمد شعیب، علامہ احمد جمال ناصر، مولانا گوہر رضا قمی، علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی اور دیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔ مقررین نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت و سنت انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ میں اتحاد و اتفاق، محبت رسول ﷺ اور اتباع سنت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسلام کی عزت اور سربلندی اتحاد میں مضمر ہے۔
قونصل جنرل پاکستان ریاض احمد شیخ نے خطاب میں کہا کہ معاشرتی برائیوں کے انسداد اور خصوصاً سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی ضرورت ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز سعید الدین نے کہا کہ سیرت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینا چاہیے۔ صدر ملی مجلس سیرت مفتی محمد ارشد نے کہا کہ میلاد اور سیرت نے ہمارے اندر محبت و وحدت پیدا کی ہے، امت کو ایک جسدِ واحد بننے کی ضرورت ہے۔
تقریب کے اختتام پر قمر الزمان منہاس نے کلمات تشکر ادا کیے اور حافظ مقصود احمد کی خصوصی دعا سے کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔
تبصرہ