منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مرکز ریندی میں ماہانہ گیارہویں شریف کی روحانی و پرنور محفل کا انعقاد کیا گیا، جو حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کے برادرِ عزیز انجینئر محمد طارق فرید قادری مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقد کی گئی۔
محفل کا آغاز قاری مطیع اللہ کی خوش الحان تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جبکہ نقابت کے فرائض منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ناظم چوہدری شہزاد یوسف نے خوش اسلوبی سے سرانجام دیے۔
اس روحانی تقریب میں خصوصی خطاب علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی، ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان نے کیا۔ انہوں نے عقیدہ اولیاء، محبت اہل بیت اور ایصالِ ثواب کی اہمیت پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے مرحوم انجینئر محمد طارق فرید قادری کی دینی وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نعت خوانی کے سلسلے میں یاسر عمران قادری (صدر منہاج نعت کونسل یونان)، ناصر اکبر قادری، راجہ احتشام اور محمد اقبال نے آقائے دوجہاں ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
محفل کے اختتام پر ذکرِ الٰہی اور اجتماعی دعا میں مرحوم کے لیے مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی گئی۔ اللہ رب العزت انجینئر محمد طارق فرید قادری مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل سے نوازے۔ آمین ثم آمین۔
تبصرہ