منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام منہاج اسلامک سنٹر ایتھنز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 74 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں شیخ الاسلام ڈے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس تقریب میں منہاج القرآن کے عہدیداران، رفقاء، کارکنان، وابستگان، اراکین، محبان، کمیونٹی رہنماؤں اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد ثناخوانوں نے مدحت مصطفیٰ ﷺ پیش کر کے محفل کو معطر کر دیا۔ منہاج نعت کونسل یونان کے اراکین نے اپنے قائد کی محبت میں ترانے پڑھے۔
دورانِ تقریب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی اور منہاج القرآن کی تاریخ پر پروجیکٹر کے ذریعے مختلف کلپس بھی دکھائے گئے، جنہوں نے حاضرین کو شیخ الاسلام کی خدمات سے آگاہ کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام کی علمی خدمات کا احاطہ کرنا انسانی عقل سے ماوراء
ہے۔ آپ نے دنیا کے ہر شعبے میں اپنی تحریروں سے روشنی ڈالی ہے، چاہے وہ مذہب ہو، سائنس،
ٹیکنالوجی، سیاست، صحافت، عدل و انصاف، نفسیات یا کوئی اور شعبہ۔ آپ کی کتب اور مقالات
نے ہر میدان میں انقلاب برپا کیا ہے۔
امیر تحریک غلام مرتضیٰ قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جو امن عالم کے
لیے خدمات فراہم کی ہیں وہ بے مثال ہیں۔ آپ کی تنظیم دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی
بلا تفریق خدمت کر رہی ہے۔ آج ہم ایک ایسی نابغہ روزگار شخصیت کا یومِ ولادت منا رہے
ہیں جنہوں نے علمی، فکری، اصلاحی اور روحانی محاذ پر امت مسلمہ کی رہنمائی کی ہے۔ شیخ
الاسلام نے دنیا بھر کے لاکھوں نوجوانوں کے دلوں میں علم، عشقِ مصطفیٰ ﷺ اور خدمتِ
دین کا جذبہ بیدار کیا۔
صدر تحریک ارسلان خرم چیمہ نے آنے والے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔ تقریب کے آخر میں شیخ الاسلام کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر 74 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے شیخ الاسلام کی درازئ عمر اور صحت و تندرستی کے لیے دعائیں کیں۔
تبصرہ