تحریک منہاج القرآن کے بانی نے اتحاد امت کیلئے ملی مجلس سیرت ہانگ کانگ تشکیل دے دی
تمام مکاتب فکر کے علما ایگزیکٹو کونسل کا حصہ ہوں گے، سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہانگ کانگ میں ایک بہت بڑی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے دوران اتحاد امت و اتحاد بین المسلمین کی فکر کے فروغ کیلئے”ملی مجلس سیرت ہانگ کانگ“ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے امت تفرقہ بازی کو ختم کر دے۔ ہانگ کانگ میں آباد مسلمان عبادات اور مذہبی ایام مشترکہ طور پر منا کر پوری امت کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیں اور اس مصطفوی فکر کا عملی نمونہ بنیں۔
انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن سمیت تمام مکتب فکر کے علماء و نمائندے اتفاق رائے کے ساتھ فیصلے کرنے کیلئے اس ملی مجلس سیرت کی ایگزیکٹو کونسل کا حصہ ہوں گے انہوں نے کہاکہ یہ مجلس اس سال ”ملی سیرت النبی ؐ کانفرنس بسلسلہ جشن میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کرے۔ ہانگ کانگ میں آباد مسلم کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلے یہ کونسل جامع مسجد کولون اور دیگر مساجد میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے کانفرنسز کا اہتمام کرے۔
انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت تمام مسلمانوں کا مشترکہ اثاثہ ہے اسی بنیاد پر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور منافرت و تقسیم کے فتنے سے بچا جا سکتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان بننے کیلئے پہلے اچھا انسان بننا ضروری ہے، اچھا انسان جھوٹ نہیں بولتا، فحش گوئی نہیں کرتا، بدیانت نہیں ہوتا، کسی کا نا حق مال نہیں کھاتا، مسلمان کے فرائض تو اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ حضور نبی اکرم ؐ نے اپنی سیرت طیبہ کے ذریعے 14 تعلیمات دیں جس سوسائٹی اور معاشرہ کے اندر یہ 14صفات ہوں گی وہ پر امن اور خوشحال ہوگا۔ آپ ؐ نے فرمایا ہمیشہ سچ بولو، امانت میں خیانت نہ کرو، دوسروں کے ساتھ بھلائی کرو، پڑوسی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو، رشتہ داروں کے ساتھ تعلق استوار رکھو، حرام کاموں سے بچو،قتل و غارت گری اور بے حیائی سے بچو، یتیم کا مال نہ کھاؤ، عورتوں پر تہمتیں نہ لگاؤ، اللہ کو ایک جانو، نماز قائم کرو،زکوۃ ادا کرو،روزے رکھو۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کی بنیاد کے بغیر مسلمانیت کھڑی نہیں ہوگی۔
کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، محترمہ صفہ حماد قادری اور شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری، میاں علی عمران، ڈاکٹر منصور میاں، کولون سٹی ڈسٹرکٹ کونسل ممبر ڈاکٹر رضوان اللہ، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ چوہدری محمد نجیب، ڈائریکٹر منہاج القرآن ہانگ کانگ علامہ محمد نسیم نقشبندی، چیف امام جامع مسجد کولون مفتی محمد ارشد، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز سعید الدین، صدر محمدیہ غوثیہ اسلاک ایسوسی ایشن ندیم حسین، امام وخطیب حسینیہ ہاوس ہانگ کانگ علامہ گوہر رضا قمی، جنرل سیکرٹری بورڈ آف ٹرسٹیز قمر زمان منہاس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ