منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفسیر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامعہ مسجد نور القرآن ایسوسی ایشن کم تھان (kam Tin) ہانگ کانگ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب
جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ یہ دور فتنوں سے بھرپور ہے، عصرِ حاضر کا سب سے بڑا فتنہ نوجوان نسل کو مختلف حیلے بہانوں سے حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کی محبت اور تعلیمات سے دور کرنا ہے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کی ذات اور ان کی تعلیمات سے جوڑا جائے۔ کہا جاتا ہے کہ صرف قرآن کے مطالعہ سے ہی دین پر مکمل عمل کیا جا سکتا ہے، جب کہ ایسا نہیں ہے جب تک ہم احادیث نبوی سے راہنمائی نہیں لیں گے قرآن کے رموز و اسرار ہم پر نہیں کھلیں گے۔ قرآن اور حدیث دونوں ہی اللہ رب العزت کی وحی ہیں، قرآن وحی جلی ہے اور احادیث نبوی ﷺ یعنی جو علم ہمیں بزبانِ مصطفیٰ ﷺ حاصل ہوا وہ وحی خفی ہے۔ جس طرح اللہ رب العزت نے قرآن مجید کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے اُسی طرح اللہ رب العزت نے احادیث نبوی ﷺ کی حفاظت کا ذمہ بھی لیا ہے۔ اللہ رب العزت نے فرمایا کہ میرے حبیب اپنی مرضی سے کچھ بیان نہیں کرتے بلکہ یہ جو کچھ بیان کرتے ہیں وہ اللہ رب العزت کی مرضی اور منشاء ہوتا ہے۔ اگر ہم قرآن کے معافی و مطالب کو سمجھنا چاہتے ہیں اور ان سے فیضیاب ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کی احادیث اور سُنت سے راہنمائی لینا ہوگی۔
اجتماع میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے قائدین، مقامی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ