شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کی منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائشیا کے زیرِاہتمام عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس کوالالمپور میں شرکت و خطاب
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملائشیا کوالالمپور میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈالروں کے لیے کفر کے فتوے اور گالیاں دی جا رہی ہیں، نوجوانوں کے اخلاق بگاڑے اور دین فروشی اور گالم گلوچ سے نئی نسل کو اسلام سے بد ظن کیا جا رہا ہے، اسلام اخوت، رواداری اور امن و سلامتی کی اقدار کا محافظ دین ہے، مگر دین کا لبادہ اوڑھ کر دین فروشی کی جا رہی ہے اور نئی نسل کو اسلام کی اقدار سے متنفر کیا جا رہا، علمائے کرام، مشائخ وپیران کرام اس فتنہ کے خلاف اٹھیں اور خانقاہوں، منبر و محراب کے حقیقی کردار کو بحال کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، پیغمبر اسلام نے انسانیت کی فلاح کے لیے تعلیمات دیں اسلام نفرت اور انتقام نہیں محبت و اخوت کی تعلیم دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر دین کا لبادہ اوڑھ کر کفر کے فتوے جاری کرنے والے دین کی قدریں مسخ کر رہے ہیں، جو زیادہ گالیاں دیتا ہے، زیادہ کفر کے فتوے جاری کرتا ہے اسے زیادہ ڈالر ملتے ہیں اس فتنے کو روکنا ہوگا، امت کے تعلیم یافتہ طبقہ ایسے گالی گلوچ کے ماحول کو مسترد کرے، نوجوانوں کو ایجوکیٹ کیا جائے، ناسمجھی میں نفرت انگیز ماحول کو وائرل نہ کیا جائے ایسے دین فروش عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص چاہتا ہے کہ اللہ سے اس حال میں ملے کہ اللہ رب العزت اس سے خوش ہوں تو وہ حضور علیہ الصلاۃ و السلام کی سیرتِ طیبہ کا دامن تھام لے۔ کانفرنس کے آغاز سے قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فتنہ خوارج اور انسداد دہشت گردی پر مرتبہ کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی۔ یہ کتاب 6 سو صفحات پر مشتمل ہے اور کتاب میں فتنہ خوارج کے حوالے سے قرآن و سنت کی روشنی میں مفصل بحث کی گئی ہے۔
کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری، محترمہ فضہ حسین قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، محترمہ صفہ حماد قادری، شخ احمد مصطفیٰ العربی القادری بھی حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کے ہمراہ موجود تھے۔
کانفرنسن میں چیکو اعظمی صدر MAPI، سید ناظم علی نظامی گدی نشین درگاہ شریف حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء، نئی دہلی انڈیا، داتو نذیر صدر پاک ملائیشیا بزنس فورم، صدر منہاج ایشین کونسل میاں علی عمران، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا عبدالرسول بھٹی، راجہ زاہد محمود، امجد رضا، عمر القادری علی رضا، محمد اقبال جنجوعہ، حافظ محمد موسیٰ سمیت جاپان، ہانگ کانگ، کوریا، چلی، اٹلی، آسٹریلیا، مشرق وسطیٰ، یورپ سے وفود شریک ہوئے، ملائشیا سے علماء کرام، یونیورسٹیز کے اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ