میلبورن آسٹریلیا میں تاریخی کانفرنس سے خطاب: 15سو سے زائد فیملیز کی شرکت
کانفرنس میں آسٹریلین ممبر پارلیمنٹ مسٹر سٹیو مگی اور قونصل جنرل پاکستان سید معظم شاہ کی شرکت
شیخ الاسلام نے دلائل سے ثابت کیا کہ قرآن ماڈرن بک آف سائنس ہے: شرکاء
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے میلبورن آسٹریلیا میں ”جدید سائنس اور وجود باری تعالیٰ“ کے موضوع پر ایک بہت بڑی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین و آسمان اور انسانی وجود کی تخلیق سے لے کر پہاڑوں، سمندروں، حیوانات، نباتات، نظام شمسی کے بارے میں قرآن مجید نے جو انکشافات 14 سو سال قبل کئے آج سائنس ان قرآنی حقائق و معارف کی توثیق کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن اور سائنس جدا نہیں ہیں جوں جوں انسان کی شعوری سطح بلند اور سائنٹیفک اپروچ بڑھتی چلی جائے گی قرآن اور پیغمبر اسلام کے فرامین کی سمجھ آتی چلی جائے گی۔ قرآن مجید میں ایک ہزار آیات میں سائنسی حقائق بیان ہوئے ہیں۔
کانفرنس میں، میلیٹن قانون ساز اسمبلی کے ممبر مسٹر سٹیو مگی، قونصل جنرل پاکستان سید معظم حسین شاہ، ڈائریکٹر نیشنل سنٹر برائے جدید اسلامی تعلیمات و کنوینئر اسلامک سٹڈیز یونیورسٹی آف میلبورن پروفیسر عبد اللہ سعید، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، فضہ حسین قادری نے شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوجوان قرآن مجید کو کتاب ہدایت اور جدید سائنس کی مستند کتاب کے طور پر پڑھیں اور غور و فکر سے کام لیں۔ قرآن سائنس کے خلاف ہے یا سائنس قرآن کے خلاف ہے یہ نہ سمجھی پر مبنی تصورات ہیں۔ اسلام وہ واحد الہامی مذہب ہے جو قدم قدم پر جدید تعلیم کے حصول کو واجب ٹھہراتا ہے اور اسلام نے قیامت تک کے انسانوں کی رہنمائی کا ذمہ لے رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرعون کی موت کے بارے میں پوری انسانی تاریخ لاعلم تھی، قرآن نے بتایا کہ فرعون پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوا اور اس کی لاش کو عبرت کیلئے محفوظ کر دیا گیا۔ بعد ازاں فرعون کی لاش ملنے پر جب تحقیق کی گئی تو قرآن کا یہ دعویٰ درست ثابت ہوا کہ اس کی موت ڈوبنے سے ہوئی اور سائنسدان تسلیم کرنے پر مجبور ہوئے کہ ایک ذات ایسی ہے جس نے یہ خبر بھی دی اور اس کی لاش کو محفوظ بھی بنایا۔
انہوں نے کہاکہ بچے کی تخلیق کے انتہائی پیچیدہ مراحل کو قرآن مجید نے بڑی تفصیل کے ساتھ بیان کیا میڈیکل سائنس اس پر بھی حیران ہے کہ جو انسٹرومنٹ اور جدیدمشینری آج دستیاب ہے 14سو سال قبل اس کا تصور بھی محال تھا اس کے باوجود بچے کی پیدائش کے مراحل کس طرح قرآن مجید میں بیان کر دئیے گئے۔ یہیں سے سائنسدان اللہ کے وجود کا اعتراف کرتے ہیں۔
شرکاء نے شیخ الاسلام کے قرآنی علوم کے گہرے مطالعہ اور اس کی سائنسی خطوط پر تشریح و تفسیر پر مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ قرآن بلاشبہ ایک ماڈرن بک سائنس ہے۔ کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریلیا کی طرف کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں 15سو سے زائد فیملیز نے شرکت کی جن میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔
کانفرنس میں شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، صفہ حماد قادری، شیخ احمد مصطفی العربی القادری، ، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان مخدوم مجید حسین نے خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ