ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام منہاج اسلامک سینٹر میں محفلِ درود و سلام

Mehfil-e-Milad in Minhaj ul Quran Dalban Ireland

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام منہاج اسلامک سینٹر میں محفلِ درود و سلام کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر سید علی عباس شاہ بخاری نے خصوصی شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین اور عشاقانِ مصطفی ﷺ بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ سفین نے حاصل کی۔ بعد ازاں بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ سید علی عباس شاہ بخاری نے محبت رسول ﷺ اور درود پاک کی فضیلت و اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان کی محبت کا مرکز و محور حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدسہ ہے اللہ رب العزت قران پاک میں ارشاد فرماتا ہے کہ (اے حبیب) آپ فرما دیں اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو تب تمہیں اللہ اپنا محبوب بنا لے گا اور تمہارے لیے تمہارے گناہ معاف فرما دے گا اور اللہ نہایت بخشنے والا مہربان ہے۔ حضور نبی اکرمﷺ کی محبت ایک مومن کے دل میں آپ کی محبت کا معیار اور پیمانہ کیا ہونا چاہیے اس امر کو حضور نبی اکرم ﷺ نے خود اپنے ارشادات عالیہ کی روشنی میں واضح فرما دیا ہے ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اس کے والدین، اولاد اور تمام لوگوں سے بڑھ کر محبوب نہ ہو جاؤں‘‘۔

بعد ازاں حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔آخر میں تمام عالم اسلام بالخصوص پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور درازئ عمر کیلئے دعا کی گئی۔

Mehfil-e-Milad in Minhaj ul Quran Dalban Ireland

تبصرہ