منہاج القران انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نارتھ اٹلی کے ورکرز کنونشن میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ ورکرز کنونشن میں نارتھ اٹلی سے تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز منہاج یوتھ لیگ، منہاجینز سکالرز اور منہاج ویمن لیگ کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ممبر بننے والا ”رفیق“ کہلاتا ہے۔ قائد تحریک شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لفظِ ”رفیق“ کی اصطلاح قرآن پاک کی آیت مبارکہ ”حَسُنَ اُولٰئِکَ رَفِیقًا“ (یہی وہ لوگ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بہت اچھے ساتھی ہیں) سے مستنبط کی ہے۔ یعنی وہ افراد جو تجدید دین اور احیائے اسلام کے لئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جہد مسلسل کرتے ہیں، اصل میں وہی لوگ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بہترین ساتھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور آقا علیہ السلام کی دین کی خدمت کے لیے مارے مارے پھرنا، کاوشیں کرنا اور مصائب و مشکلات کو برداشت کرنے کا اللہ رب العزت کے ہاں بہت بڑا اجر ہے۔ دنیا بھر میں قائم منہاج القرآن کے مراکز پر خدمات سرانجام دینے والے یاد رکھیں کہ وہ حضور نبی اکرم ﷺ کے اس مشن کے امین ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مصطفوی مشن کی خدمت کی توفیق مرحمت فرمائے۔
ورکرز کنونشن میں تلاوت کی سعادت قاری سیف الرحمن، نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت محمد اکرم اعوان اور عابد معصومی نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض علامہ فیصل نذیر وڑائچ ڈائریکٹر منہاج اسلامک سنٹر نوارا نے ادا کیے۔ صدر منہاج القرآن نارتھ اٹلی اعجاز یوسف اعوان نے خطبہ استقبالیہ دیا اور کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نارتھ اٹلی کی نمائندگی باجی سیدہ عارفہ مصطفی نے فرمائی۔
اختتام پر صدر منہاج القران انٹرنیشنل نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت لینے والے جملہ احباب میں اسناد تقسیم کیں، نوارا، بریشیاء، میلان، دیزیو، بیرگامو اور گلاراتے کی تنظیمات کو شیلڈز دیں۔
اس موقع پر قاری ثمرن قادری، علامہ وقاص یونس، قاری سیف الرحمن، قاری زبارت، محمد اقبال شاہ، میاں عمران الحق، چن نصیب، عابد معصومی، منہاج القرآن نوارا سے محمد اصغر وڑائچ، محمد اکرم اعوان، اعجاز اعوان، احمد جاوید اور سرمد جاوید بھی موجود تھے۔
تبصرہ