اوسلو/ لاہور (یکم جنوری 2023ء) منہاج القرآ ن انٹرنیشنل کے بانی وسرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ترجمہ عرفان القرآن کا ڈینش زبان میں ترجمہ مکمل ہو گیا ہے ترجمہ کی تکمیل پر اوسلو ناروے میں پروقار تقریب رونمائی کا اہتمام کیا گیا جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی طور پر شریک ہوئے، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری اور یورپ سے عہدیداران اور ذمہ داران نے پروقار تقریب میں شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ترجمہ عرفان القرآن کی ڈینش زبان میں تکمیل پر محترم علامہ سید محمود شاہ الازہری القادری (ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکمت و دانائی کے اس خزانے کو ہر خطے اور معاشرہ تک پہنچانے کی اس دینی خدمت کو اللہ تعالیٰ قبول و منظور فرمائے، شیخ الاسلام نے اس عظیم خدمت دین انجام دینے پر گولڈ میڈل سے نوازا۔ انھوں نے کہا کہ سید محمود شاہ الازہری القادری منہاج القرآن کا عظیم جانثار، مشن کے وفادار اور قابل فخر رہنما ہیں، سید محمود شاہ نے ترجمہ کی ابتداء سے لے کر طباعت تک کے مراحل اور دیگر متعلقہ تمام امور کی خود سرپرستی کی۔ شیخ الاسلام نے اپنے دستخط والا ڈینش عرفان القرآن بھی علامہ سید محمود شاہ الازہری القادری کو بطور تحفہ دیا۔
علامہ سید محمود شاہ الازہری القادری (ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے اللہ تعالی اور حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں اظہار تشکر پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے مجھے اس عظیم خدمت کیلئے منتخب کیا اور یہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیم و تربیت کا ثمر ہے کہ قرآن کے عرفان کا فیض عام کرنے کیلئے مجھے سعادت نصیب ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرفان القرآن کا ترجمہ دنیا کی مختلف زبانوں میں ہو چکا ہے اور ڈنمارک میں بسنے والوں کیلئے عرفان القرآن کا ڈینش میں ترجمہ کسی عظیم نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا عرفان القرآن ڈینش ترجمہ کی طباعت، کاپی رائٹس اور دیگر تمام معاملات منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک تنظیم کے سپرد کر دیئے ہیں۔ ان شاء اللہ یہ ترجمۂ قرآن ہر ایک مسلمان کے گھر تک پہنچانے کیلئے ڈنمارک تنظیم اپنے وسائل بروئے کار لائے گی۔
عرفان القرآن کو ڈینش زبان میں ترجمہ کرنے کی سعادت منھاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے لیکچرار محترم ڈاکٹر محمد ندیم عاصم کو حاصل ہوئی جنہوں نے کئی سال کی انتھک محنت سے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ان کی اس کاوش کے اعتراف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے دست مبارک سے ان کو بھی شیلڈ اور اپنے دستخط والے ڈینش عرفان القرآن سے نوازا۔
عرفان القرآن کو ڈینش زبان میں ترجمہ کرنے کے بعد پروف ریڈنگ حمزہ یوسف (جنرل سیکرٹری منہاج پبلیکیشنز یورپ) اور حسن یوسف نے کی۔ شیخ الاسلام نے انھیں بھی شیلڈ دی اور دعاوں سے نوازا۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی ڈینش میں عرفان القرآن کی تکمیل پر محترم علامہ سید محمود شاہ الازہری القادری (ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل)، ڈاکٹر محمد ندیم عاصم اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
تبصرہ