منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریلیا نیوساوتھ ویلز کے زیراہتمام یوتھ کانفرنس 2022ء کا انعقاد مقامی تھیڑ ہال میں کیا گیا، یوتھ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل نیو ساوتھ ویلز، وکٹوریا، میلبورن اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ’’آسٹریلیا میں مسلم نوجوانوں کو درپیش چیلنجز‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملٹی میڈیا کے دور جدید میں نوجوانوں کو ہر سطح پر فکری، تربیتی، سیاسی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ ان سے کماحقہ مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو ایک خاص مقصد دینا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے اور قرآن مجید انسان کی قدم قدم پر رہنمائی فرماتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود آج کا نوجوان حصول مقصدیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ دوسری جانب مسلم نوجوانوں کی ذمہ داری اس لحاظ سے بھی اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ وہ دیارغیر میں امت مسلمہ کا حقیقی سپوت، رہنماء اور لیڈر کا کردار ادا کرے۔ مسلمان نوجوان اپنے کردار میں تربیت کا عمل داخل کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم نوجوان کو دنیا میں ترقی کرنے کے لیے ایک خاص مقصدیت پر زندگی گزارنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم پر ہمیشہ کامیاب زندگی گزارنے کے لیے رہنمائی موجود ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ مقصدیت، تربیت، فہم دین اور جدید دور ترقی کی بات کی ہے۔ منہاج القرآن دنیا بھر میں یوتھ اور نوجوانوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتا ہے کیونکہ کسی بھی ملک میں نوجوان کے عمل دخل کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم مسلم ہیں اور ہمیں مسلمان ہو کر کسی بھی دوسرے مذہب کے فرد کی حوصلہ شکنی نہیں کرنی بلکہ انسانیت کے ناطے سب انسان عزت و تکریم میں برابر ہیں۔ منہاج القرآن نے دوسری کمیونیٹز اور ملٹی کلچرل سوسائٹی میں رہنے کے لیے سیرت رسول اور اسوہ رسول ﷺ سے سبق لیا ہے۔ مذاہب عالم کی عزت و قدر ہی اسلام کا پیغام انسانیت ہے اور آج کے نوجوان کو اپنے اندر یہی اعتدال والا رویہ پیدا کر کے زندگی گزارنی ہو گی۔
کانفرنس میں آسٹریلیا بھر سے یوتھ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تبصرہ