منہاج القرآن انٹرنیشنل سیریاتے بیرگامو، اٹلی کے زیراہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اچھا اخلاق اچھے مسلمان کی پہچان ہے، تربیت کے بغیر حاصل کیا گیا علم نفع بخش نہیں، خود میں حسن اخلاق پیدا کریں، اخلاق سے مراد یہ ہے کہ دوسروں کی برائیوں پر نظر رکھنے کی بجائے اپنی ذات کا محاسبہ کیا جائے، اچھے اخلاق والا وسیع النظر، وسیع القلب، وسیع الظرف ہوتا ہے، ادب انسان کو اخلاق کی بلندیوں تک لے جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ادب، عمل اور کردار کے بغیر علم بے فائدہ ہے افسوس آج تعلیمی اداروں میں تعلیمی نصاب تو پڑھایا جاتا ہے مگر اخلاق اور تربیت کی کمی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علم اور تربیت کو یکجا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے عوام و خواص کو کمال حکمت و بصیرت کے ساتھ پوری کامیابی سے رسول اکرم ﷺ کی ذات بابرکات سے اور آپ کی سنت و سیرت کی طرف متوجہ کیا ہے اور حقیقی معنی میں فیضانِ محبتِ مصطفی ﷺ کو چہار دانگ عالم میں عام کیا۔
ورکرز کنونشن میں ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل سیریاتے بیرگامو اٹلی علامہ مختار احمد قادری نے چیئرمین سپریم کونسل کو خوش آمدید کہا اور نارتھ اٹلی میں مختلف جاری منصوبہ جات اور اہم تنظیمی امور کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے تنظیمات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر اعجاز یوسف اعوان، سید غلام مصطفیٰ مشہدی، علامہ مختار احمد قادری، میاں عمران الحق، ڈاکٹر چن نصیب، چوہدری اقبال وڑائچ، سرمد جاوید وڑائچ، راجہ ساجد حبیب، علامہ کاشف احمد، فیض عالم قادری، فیصل تارڑ، میاں محمد اشرف، سیف اللہ تارڑ، عامر سجاد، چوہدری طارق، صوفی عمر حیات، شیخ عمر محمد افضل، اور چوہدری ریاض کے علاوہ نارتھ اٹلی کی نووارہ، دیزیو، میلان، بریشیاء اور انتظمیہ کی تنظیمات کے قائدین و کارکنان اور رفقاء و وابستگان نے شرکت کی۔
ورکرز کنونشن میں تقسیم شیلڈ تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل سیریاتے بیرگامو کے زیراہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن کے موقع پر تقریب تقسیم شیلڈز کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نارتھ اٹلی، نووارہ، دیزیو، میلان، بریشیاء و دیگر شہروں کی تنظیمات کو تنظیمی امور میں اعلیٰ کارکردگی پر شیلڈز دیں۔ اس موقع پر آپ نے کارکنان، عہدیداروں کو مبارکباد بھی دی۔
تبصرہ