منہاج سسٹرز دبئی کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب

Quaid Day ceremony in UAE

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کی تقریبات دنیا بھر میں موجود تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہیں۔ یہ دن تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان کے لیے یومِ تشکر اور تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔ قائد ڈے کے اس پرمسرت موقع پر کارکنان اپنے اپنے انداز میں شیخ الاسلام سے محبت، تعلق اور نسبت کا اظہار کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں منہاج سسٹرز دبئی کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محترمه زینب رفاقت نے حاصل کی۔ حمد بارى تعالی پیش کرنے کی سعادت محترمه خدیجہ رفاقت کو ملی جبکہ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ بے کس پناہ میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت محترمه صائقہ کاشف کو ملی۔ محترمه رابعہ قیوم نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر منہاج سسٹرز کے زیرانتظام حلقات درود میں پڑھے جانے والے 2021 کے درود پاک کی رپورٹ کوآرڈینیٹر حلقات درود محترمه سائرہ قدیر نے پیش کی اور اس کارعظیم میں منہاج القرآن اور سیدی شیخ الاسلام کے کردار پر مفصل گفتگو کی۔ محترمه انعم ساجد کو سال بھر میں سب سے زیادہ درود شریف پڑھنے پر ہدیہ تبریک پیش کیا اور تحائف سے نوازا گیا۔ ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر درود شریف جمع کرنے اور حساب رکھنے پر محترمه سائرہ قدیر کو انعام پیش کیا گیا۔ محترمه رابعہ قیوم نے تحریکی اور علمی سوال و جواب کی نشست منعقد کی اور درست جوابات پر تحائف تقسیم کئے۔

دبئی ٹیم کے سرپرست عبدالقیوم کے ساتھ دبئی ٹیم کی بزرگ شخصیت غضنفر شاہ نے منہاج سسٹرز کے کام کو سراہا اور انہیں انعامات سے بھی نوازا۔ آخر میں درود پاک کی سماعتوں میں سیدی شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، محترمه تسنیم رفاقت نے سیدی شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی اور مشن کی کامیابی کے لیے دعا فرمائی۔ پروگرام کے اختتام پر پُرتکلف کھانے سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔

Quaid Day ceremony in UAE

Quaid Day ceremony in UAE

تبصرہ