منہاج القران یوتھ لیگ کے زیراہتمام برلن میں 20 فروری 2022ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کی مناسبت سے قائد ڈے کی شاندار تقریب کا انعقاد ہوا۔ قائد ڈے کی تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے صدر حاجی صدیق اکبر نے کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت ضیاء المصطفیٰ نے حاصل کی، جبکہ ہدیہ نعت کا شرف شاہ زیب احمد اور چوہدری اشتیاق نے حاصل کیا۔ منہاج یوتھ لیگ کے خوشنود احمد نے شیخ الاسلام اور معاصر شخصیات کے تقابلی موضوع کی مناسبت سے پُرمغز گفتگو کی۔ منہاج یوتھ لیگ برلن کے صدر محمد شعیب ارشاد نے جرمن زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شیخ الاسلام کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
پاکستان عوامی تحریک جرمنی کے سابق سینئر نائب صدر خضر حیات تارڑ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دیئے گئے سیاسی منشور میں ملک و قوم کی بقاء کی ضمانت ہے۔ انہیں اعادہ کیا کہ آج نہیں تو کل ہر شخص کو یہ بات تسلیم کرنا پڑے گی۔ انہوں نے منھاج القرآن یوتھ لیگ کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ علامہ قاری طارق علی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سیدی شیخ الاسلام کی ذات اور اُن کی تجدیدی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ دورانِ تقریب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے حوالے سے ڈاکومنٹری اور شیخ الاسلام کے پیغام کی وڈیو دکھائی گئی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے صدر میاں عمران الحق نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جوانوں کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آپ لوگ آگے بڑھیں اور تنظیمی نظم و نسق سنبھالیں۔ انہوں نے شرکاء کو منہاج القرآن کی تاحیات رفاقت حاصل کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر منہاج چائلڈ لیگ کے ہاشم احمد نے تاحیات رفاقت حاصل کی اور ضیاء المصطفیٰ نے حاجی صدیق اکبر اور علامہ قاری طارق علی کے ہاتھوں تاحیات رفاقت کی سند وصول کی۔
شرکاء نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور درازی عمر کے لیے دعا کی اور ان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ شرکاء کی تواضع ریفریشمنٹ سے کی گئی۔ حاجی صدیق اکبر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ