منہاج القرآن انٹرنیشنل ایتھنز یونان کے زیراہتمام 19 فروری 2022 کو بعد نماز عشاء ایک مقامی ہوٹل میں شیخ الاسلام کی 71 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں یونان کے تمام مکاتب فکر کے سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری حلقوں سمیت میڈیا کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز باقاعدہ تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت حزیفہ طاہر نے حاصل کی اور نقابت کے فرائض ناظم تحریک منہاج القران یونان غلام عباس مصطفوی نے ادا کیے۔ نعت رسول مقبولﷺ منہاج نعت کونسل کے صدر یاسر عمران قادری اور راجہ احتشام نے پیش کی۔
شاعر منہاج یونان حاجی محمد بشیر عاصی نے اپنے محبوب قائد کی شان میں خوبصورت اشعار سے خراج عقیدت پیش کیا جبکہ باقر حسین چغتائی نے بھی خوبصورت کلام پیش کیا۔
تقریب میں شرکاء محفل کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی پر ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر منہاج القرآن یونان کے ذیلی مراکز سے صدور و ناظمین اور خطباء نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ حافظ مظہر خطیب ذیلی مرکز برہامی نے نعت رسول مقبول کا نذرانہ پیش کیا۔ صوفی عبید الله چشی امام و خطیب ماراتھونا نے شرکاء کو تحریک منہاج القرآن کا دعوتی تعارف بھی پیش کیا۔ مدثر خادم سوہل نے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام سے محبت کا اظہار کیا۔
تقریب میں امیر تحریک منہاج القرآن یونان غلام مرتضیٰ قادری نے خطاب کیا اور گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، انہوں نے شیخ الاسلام کی علمی و ملی اور عالمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
آخر میں صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ارسلان خرم چیمہ نے شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد علامہ محمد نواز ہزاروی نے دعا کرائی اور شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور اس کے بعد شرکاء کے لیے بہترین عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
تبصرہ