منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام جامعہ مسجد انوار مدینہ ڈبلن میں میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن لندن برطانیہ کے ڈائریکٹر علامہ محمد صادق قریشی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ کی ذات گرامی ہمارے ایمان کا مرکز و محور اور اس کی اصل و اساس اور آپ سے نسبت و تعلق ہی حقیقی ایمان ہے۔ یہ تعلق اگر مضبوط و مستحکم ہو تو ایمان کامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے قرآن ہونے کے لئے حضورؐ کی حدیث حجت ہے اور وہ نادان ہو گا جو حدیث کا انکار کرے اور قرآن کو مانتا پھرے۔ اللہ رب العزت کی معرفت نسبت رسالتؐ کے بغیر ممکن ہی نہیں اور اگر کوئی شخص نسبت مصطفیؐ کے بغیر براہ راست اللہ کی معرفت اور پہچان حاصل کرنا چاہتا ہے اس سے قرب و رسائی کا دعویدار ہے تو یہ محض گمان باطل ہے نفس کا دھوکہ ہے اور شیطان کا فریب ہے۔
کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین و بستگان اور ہر مکاتب فکر کے خواتین و حضرات کے علاوہ دیگر سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیمات کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پورٹ لیش کارلو لانگ فورڈ لمرک ڈروڈا اور ڈبلن کے عشاقان مصطفیٰؐ نے بھی محفل میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس سے پہلے کانفرنس کا آغاز صحیفہ انقلاب قرآن مجید فرقان حمید سے حافظ تنویر حسین نے کیا ڈاکٹر گلزار احمد نے عرفان القرآن سے ترجمعہ پیش کیا حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں جنید خالد اور ڈاکٹر گلزار احمد نے گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ نقابت کے فرائض محی الدین نے ادا کیے۔
محفل میں امیر تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ علامہ محمد عدیل نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ صدر تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ وسیم بٹ نے مہمان خصوصی علامہ محمد صادق قریشی اور تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر میں وسیع تر علمی و تعلیمی نیٹ ورک بارے شرکاء کو اگاہ کیا۔
میلاد کانفرنس میں بہترین خدمات پیش کرنے پر اسناد بھی تقسیم کی گئیں جن میں ڈاکٹر گلزار احمد رضوان احمد طور ڈاکٹر عبدالقدیر محمد اسلم ڈاکٹر ارسلان خان مدثر بھٹی محی الدین حافظ محمد سعید بھٹی شیخ محمد یوسف، راؤ ذیشان احمد اور شہزاد احمد شامل تھے۔
صدر تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ وسیم بٹ نے جامع مسجد انوار مدینہ کی تمام انتظامیہ بالخصوص امام و خطیب امام جمیل اور میاں عبدالمنان کا شکریہ ادا کیا جن کے بھرپور تعاون سے اس میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
میلاد النبیؐ کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا جس پر حاضرین نے خصوصی طور پر دلچسپی لی۔ آخر میں علی بٹ قادری اور محمد شفا نے اپنی خوبصورت آواز میں عربی اور اردو میں حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں سلام کا نذرانہ پیش کیا۔
محفل میں میلاد پاک کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا تمام امت مسلمہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت تندرستی اور معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری عمران خورشید کے والد گرامی مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی آئرلینڈ کے معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری عمران خورشید کی طرف سے تمام معزز مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کی۔
رپورٹ: وسیم بٹ، ڈبلن آئرلینڈ
علامہ صادق قریشی کا ڈبلن پہنچنے پر استقبال
تبصرہ