کویت میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لیے دعائیہ تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیراہتمام 18 جون 2021ء کو شہدائے ماڈل ٹاؤن اور اسیران تحریک کے لیے تقریب کا انعقاد جلیب الشیوخ میں منیر احمد گجر کی رہائش گاہ پر کیا گیا۔ تقریب میں لاہور مرکز منہاج القرآن سے علامہ رانا ادریس (نائب ناظم اعلیٰ) نے وڈیو لنک پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے انصاف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن دن دیہاڑے حکومتی جبر اور دہشت گردی کا شکار ہوئے، انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس سے پہلے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کا شرف حافظ نثار احمد نے حاصل کیا۔ حمد باری تعالیٰ کا نذرانہ محمد نواز نے پیش کیا۔ منہاج القرآن کے ننھے طلبہ برادران محمد سراج المصطفی اور محمد معراج الھدیٰ نے احادیث رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم اور ترجمہ پیش کیا۔ ہدیہ مدحت رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شرف محمد ایوب، حافظ احمد، حافظ محمد عکرمہ اور صوفی عبدالمجید کے حصے میں آیا۔

منہاج یوتھ لیگ کے ہونہار سپاہی محمد بلال قادری نے لاہور سے آن لائن اپنی حوبصورت آواز میں آقائے دو جہاں صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں نعت پیش کرکے محفل پر سحر طاری کر دیا۔

منہاج القرآن کویت کے ورکر اور عظیم سپاہی نورالہی چوہان جو کویت سے مستقل طور پر پاکستان جارہے ہیں، انہیں چوہدری منیر احمد گجر (سابق صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت) کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر صدر مجلس حاجی عبدالرشید نے نورالہی چوہان کی اعلیٰ اور لازوال خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں ان کی عظیم کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

پروگرام میں منہاج القرآن کی ممبرشپ لینے والے نئے رفقاء حافظ نثار احمد، حافظ احمد، مظفر حسین، محمد عرفان، ریاض اور محمد افضال گجر کو ان کی اسناد پیش کی گئی۔ نئے رفقاء کے حوالے سے علامہ شاھد طفیل ڈار نے خصوصی گفتگو کی۔

تقریب میں شرکاء تقریب نے کھڑے ہو کر دست بستہ با ادب آقا کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ آخر پر علامہ شاھد طفیل ڈار نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔ شہداء کے لواحقین اور سانحہ کے زخمی و اسیران کے صبر جمیل، راحت اور ثابت قدمی کے لیے خصوصی دعا کی۔ حاضرینِ محفل اور ان کے اہل خانہ اور ان کے مرحومین کے لیے دعا کی گئی۔ کویت اور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔ عالمی وباء سے نجات کے لیے سب نے اللّٰہ تعالیٰ سے التجاء کی گئی۔

اختتام پر حاضرینِ محفل کی تواضع پر تکلف ضیافت سے کی گئی۔ تقریب کے اختتام سے قبل میزبان محفل منیر احمد گجر نے شرکاء کی تشریف آوری پر سب کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ