منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیرانتظام سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 7 نومبر 2020 کو مرکز منہاج القرآن اباراکی کین میں منعقد ہوئی، تحریک منہاج القرآن جاپان کے سرپرست اعلی محمد سلیم خان نے محفل کی صدارت کی۔
پروگرام میں جاپان بھر سے تحریکی و تنظیمی احباب اور کمیونٹی نے شرکت کی۔ پروگرام میں گماں کین، شیزوکا کین، چیبا کین، ٹوکیو، سائتاما کین، ناگویا، اباراکی کین اور جاپان بھر سے عاشقان مصطفی نے بھرپور شرکت کی۔ محفل میں علامہ محمد احمد قمر خطیب ایسا ساکی مسجد اور علامہ حافظ عبد المصطفی نعیم نے خطابات کیے۔
پروگرام میں عون شاہد ایڈووکیٹ نے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے جبکہ ثاقب الرحمن، محمد سرفراز، بلال حمید ساجد، حاجی سعید احمد، محمد کامران، اصغر علی بھنڈر اور دیگر نعت خواں حضرات نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
اس سے پہلے پروگرام میں قاری محمد طیب شیرازی نے تلاوت قرآن مجید کی۔ اس پروگرام کے لیے مسجد اور مرکز کو خصوصی طور پر سجایا گیا۔ آخر میں تمام شرکاء کے لیے پُر تکلف ضیافت میلاد کا انتظام کیا گیا۔
پروگرام میں ملک فیصل اعوان اور انکی ٹیم جن میں بلال حمید ساجد، محمد قاسم، عابد حسین جٹ مبارک باد کے مستحق ہیں، جنہوں نے عظیم شان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے انتظامات کامیابی سے سرانجام دئیے۔ آخر میں احمد سعید بھٹی، شیخ امتیاز، رانا اکرم، حافظ ایوب بٹ اور ملک فیصل اعوان نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ