منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام ایتھنز (ریندی) کے دیموس ہال میں 24 ویں سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر ارسلان خرم چیمہ کر رہے تھے جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے سیکرٹری جنرل غلام عباس مصطفوی نے انتظامات کی نگرانی کی۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری مدثر مصطفیٰ نے حاصل کی اور نقابت کے فرائض محمد عاطف مصطفوی نے انجام دئیے۔ منہاج نعت کونسل یونان ثناء خوانوں نے بارگاہ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیئے۔ ننھے نقیب قاری عاقب جاوید نے اپنے مسحور کن انداز سے سامعین کے دلوں کو گرمائے رکھا جبکہ یاسر عمران قادری نے خصوصی نعت پیش کی۔
میلاد کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ’’حُسن اخلاق‘‘ کے موضوعِ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخلاق حسنہ کے دو طرح کے ہیں، ایک خالق کے ساتھ اور دوسرا مخلوق کے ساتھ۔ خالق کے ساتھ حسن خلق یہ ہے کہ اس کے حکم پر دل مطمئن رہے، فرائض کو محبت، خوش دلی اور تابع فرمانی کے جذبے سے بجا لایا جائے، اس کی حرام کردہ چیزوں کو بلا کسی ملال اور کبیدہ خاطر ہوئے شرح صدر کے ساتھ یکلخت ترک کر دیا جائے، نفلی عبادتوں کی طرف دل کی رغبت ہو حتیٰ کہ بہت سے ایسے کام جو اللہ تعالی کی فرمانبرداری میں رکاوٹ بنتے ہوں انہیں بخوشی چھوڑ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مخلوق کے ساتھ حسن خلق یہ ہے کہ معاملات میں نرمی، اپنا حق لینے میں نرم، لوگوں کا ادا کرنے میں چست، ہنس مکھ، لوگوں کی تعریف اور ان سے بدلے کا طالب نہ رہے، حاجت مندوں پر خرچ کرنا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دنیا میں حسن خلق بڑی اہمیت رکہتا ہے، قوموں اور افراد کو اخلاق ہی سے پہچانا جاتا ہے، اخلاق حسنہ سے متصف شخص اللہ سے قریب اور اللہ کے بندوں سے قریب ہے، جبکہ بدخلق اللہ سے اور اللہ کے بندوں سے دور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صحابہ کو حسن خلق کی خصوصی تعلیم دیتے تھے۔
کانفرنس میں منہاج یورپین کونسل زون 3 کے صدر محمد اقبال وڑائچ، جنرل سیکرٹری منہاج یورپین کونسل زون 3 ڈاکٹر چن نصیب اور نائب صدر ڈائیلاگ فورم منہاج یورپین کونسل فیض عالم اور کونسلر امیگریشن سفارت خانہ پاکستان صفی اللہ جوکھیو نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔
پروگرام میں یونان کی سیاسی، سماجی، صحافی، مذہبی اور بزنس کمیونٹی کے افراد سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی تنظیمات کے عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر میاں محمد صغیر (آل ڈے ٹریول)، میاں محمد منیر (مرحبا ٹریول) اور امتیاز عالم جعفری (امتیاز ٹریول) کی طرف سے قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کے تین ٹکٹ تقسیم کیے گئے اور شرکاء میں ضیافت میلاد تقسیم کی گئی۔
تبصرہ