منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے نارتھمپٹن کے زیراہتمام ماہ صیام رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام سے منانے کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا، جس میں نماز تروایح کی باجماعت ادائیگی، محافل، دروس، لیکچرز اور افطاری کا بھی اہتمام شامل تھا۔ پاکستان سے آنے والے نوجوان سکالر و حافظ حسن شیرالانغمانی نارتھمپٹن نے نماز تراویح کی جماعت کروائی اور نماز سے پہلے آپ کا 10 منٹ دورانیہ کا درس انگلش اور اردو زبان میں ہوتا۔ اس درس میں روزانہ ایک حدیث مبارکہ کی روشنی میں گفتگو شامل تھی۔ بعدازاں نماز تراویح میں پڑھے جانے والے قرآن پاک کے مقررہ حصہ کی تفسیر و تشریح بھی کرتے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں حافظ حسن شیرالنغمانی نے محافل ذکر کا انعقاد کرایا، جس میں درود پاک کی محفل، محفل نعت و ذکر اور آخر میں مختصر بیان اور دعا شامل ہوتی۔
منہاج القرآن نارتھمپٹن سنٹر کے زیراہتمام روزہ داروں کی سہولت کے لیے افطار کا اہتمام کیا جاتا، جس میں ادارے کے رفقاء و کارکنان اپنے گھروں سے افطاری کا اہتمام کر کے لاتے۔ افطار کی محافل میں تربیتی گفتگو بھی شامل تھی۔
ماہ رمضان المبارک میں حافظ حسن نے نوجوانوں کے لیے تربیتی لیکچر کا اہتمام کیا اور ہر اتوار کو مقامی سکول میں طلباء کو لیکچر دیتے، جس میں سوال و جواب کی نشست بھی شامل ہوتی۔ نوجوانوں کیساتھ بچوں کی تربیت کے لیے برمپٹن سکول نارتھمپٹن میں تمام کلاسز کے طلباء کے لیے اسلامی معلومات پر مشتمل لیکچر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، جس میں حافظ حسن نے لیکچرز دیئے۔
مدینہ مسجد نارتھمپٹن کی دعوت پر حافظ حسن کا خطاب بھی ہوا، جس میں انہوں نے حضرت علی علیہ السلام کی شان کے حوالے سے گفتگو کی۔
ملٹن کائنیز شہر میں ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں حافظ حسن نے فضیلت درود پاک کے موضوع پر خطاب کیا اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام دیا۔
دورہ میں حافظ حسن نے خطابات جمعۃ المبارک بھی دیئے۔ رمضان المبارک کے ہر جمعۃ المبارک کے دن حافظ حسن شیرالنغمانی کا خصوصی خطاب ہوتا، جس میں آپ نے منہاج ویلفیئر یوکے کے فلاحی منصوبہ جات بارے بھی بتایا۔ جمعہ کے اجتماعات میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بنگلہ دیشی، افغانی، بحرینی، عربی، ترکی اور افریقی مسلمانوں نے بھی شرکت اور انگلش زبان میں آپ کے خطابات سنے۔
رپورٹ: فیاض مغل
تبصرہ