ڈربن: ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیمات سے متاثر ہو کر ذولو کاروباری خاتون کا قبول اسلام

ساوتھ افریقہ خاتون کا قبول اسلام

ساوتھ افریقہ کے مشہور شہرڈربن میں 2 فروری 2019ء بروز ہفتہ پاکستانی بزنس مین محمد اسد کے ہاں ایک ذولو بزنس خاتون نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیمات سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا۔ مقامی افریقن خاتون نے صدر منہاج القران انٹر نیشل KZN ساوتھ افریقہ علامہ طاہر رفیق سے ملاقات کی اور بین المذاہب اسلام عیسائیت اور یہودیت کی تعلیمات پر مفصل تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی تاجر محمد اسد، ان کے برادر اور سسٹر فاطمہ بھی موجود تھے۔

علامہ طاہر رفیق نقشبندی مجددی نے خاتون کو اسلام کا بنیادی پیغام اور موجودہ دور کی عظیم ہستی ڈاکٹر طاہرالقادری کی انسانیت کے لئے علمی عملی اور روحانی گراں قدر خدمات سے آگاہ کیا۔ بالخصوص ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی گرانقدر کاوش قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا بھی ذکر کیا اور اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کیا جس کے بعد خاتون نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر علامہ طاہر رفیق کے ہاتھ پر خوش دلی سے دین اسلام قبول کر لیا۔

اس موقع پر انہوں نے شہادتیں پڑھتے ہوئے خاتون کی آنکھوں سے بے ساختہ آنسوؤں کے چشمے جاری ہوگئے اور کہنے لگی کہ میں کتنی خوش قسمت ہوں کہ اللہ تعالی نے آج مجھے ہدائت سے نواز دیا ہے۔ اس کا نام نورین فاطمہ اور اس کے بیٹے 8 سالہ بیٹےکا نام نور محمد رکھ دیا گیا۔

نیو مسلم سسٹر نے علامہ طاہر رفیق سے کہا کہ میں آپ کی بے حد شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے اتنے اچھے انداز سے مجھےاسلام کے پیغام کو پیش کیا کہ میرے دل و دماغ نے اسے بخوشی سمجھ کر قبول کرلیا اس سے قبل مجھے افریقی مذہب شیمبے والوں نے اپنے مذہب میں شمولیت کی دعوت دی تھی جسے میرے دل نے قبول نہیں کیا تھا۔

اس موقع پر نو مسلم خاتون نے شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کی دنیا بھر میں خدمات کو بھی سراہا۔ سب دوستوں نے نو مسلم بہن کو مبارکباد پیش کی اور محمد اسد نے سب کے لئے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا اور آخر میں دعائے خیر بھی کی۔

تبصرہ