مدینۃ الزاہرا بریڈ فورڈ میں سالانہ میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ برطانیہ کے زیراہتمام مدینۃ الزاہرا میں عظیم الشان میلاد مصطفی ﷺ کے سلسلہ میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ شبِ میلاد پر منعقدہ اس کانفرنس میں علامہ محمد افضل سعیدی ڈائریکٹر مدینۃ الزاہرا بریڈ فورڈ، سید علی عباس بخاری صدر منہاج القرآن برطانیہ اور عالمی شہرت یافتہ قوال شہباز قمر فریدی، خالد حسنین خالد اور ذوالفقار الحسینی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

مقامی نعت خوانان، عامر فریدی، اویس اقبال، محمد اعجاز قادری، عاطف ریاض اور مدینہ الزاہرا میں زیر تعلیم بچوں نے بھی بارگاہ نبوی ﷺ میں ہدیہ ہائے نعت پیش کیے۔ کانفرنس کے دیگر مہمانان گرامی میں سیرت علی خان صدر منہاج القرآن نارتھ برطانیہ، معظم رضا، جنرل سیکرٹری برطانیہ اور محمد ارشد کٹھانہ صدر منہاج القرآن لیڈز شامل تھے۔

کانفرنس میں سید علی عباس بخاری و دیگر مقررین نے حضور نبی اکرم ﷺ کی شان رحمۃ للعالمین کا ذکر کرکے اسلام کے پیغام امن و محبت کو اجاگر کیا۔ علامہ محمد افضل سعیدی نے مدینہ الزاہرا کے عظیم الشان پراجیکٹ کی تفصیلات اور آئندہ کے تعمیراتی منصوبوں سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں منہاج القرآن برطانیہ کے مساجد و مدارس کے طلباء و طالبات کے لیے تیارکردہ تدریسی نصاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے اسکی افادیت و اہمیت پر بھرپور روشنی ڈالی۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد نعیم رضا قادری نے ادا کیے۔ پروگرام میں خواتین و حضرات کے علاوہ بچو ں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مدینۃ الزاہرا کا مرکزی ہال انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ کانفرنس میں معروف نعت خوان محمد اعجاز قادری کی دستار بندی بدست شہباز قمر فریدی کی گئی۔ درودوسلام اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعاوں کے ساتھ اس ایمان افروز کانفرنس کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد ضیافتِ میلاد سے تواضع کی گئی۔ کانفرنس کے انتظام و انصرام میں مدینہ الزاہرا کی ٹیم نے بھرپور خدمات پیش کیں۔

تبصرہ