منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیراہتمام سالانہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 24 نومبر 2018 ء کو منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیکٹیک میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت علامہ شہباز احمد قادری، مفتی صغیر احمداور محمداشرف بھورا نے کی۔ شام 5 بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت عدیلہ شریف، فاطمہ ماجد اور معراج ماجد نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد قرآن لرننگ کلاس کے بچے اور بچیوں نے قصیدہ بردہ شریف اور درود پاک پڑھا۔
محمد داؤد جعفری، حسین رضا، اویس رضا، ضمیر خالق، محمد عدن اخلاق، علیشاہ عدن، رجا ہانیہ، اویس منصف قادری، قاری فضل رسول قادری اور طارق محمود علوی نے اپنے مخصوص انداز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ اس پروگرام میں نقابت کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی (ڈائریکٹر منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیکٹیک) نے سرانجام دیئے۔
علامہ غلام رسول قادری (ڈائریکٹر نور مسجد نیویارک) نے میلاد کانفرنس میں مرکزی خطاب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان رحمت کے موضوع پر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کو مخاطب کرکے کہا کہ ہمارے نبی وہ ہیں جن کی تعریفیں تمام انبیاء اور تمام امتوں کے علماء کرتے رہے۔ انہوں نے بحیرہ راہب نے جو کریم آقا ﷺ کی تعریف کی تھی اس کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس وقت حضور ﷺ کی عمر مبارک صرف 14 سال تھی جب آپ ﷺ نے شام کا سفر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمر بھر حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وسلم سے وارفتہ عشق کرنے کی تعلیمات دی ہیں۔ ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہی ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہونا چاہیے، یہی منہاج القرآن کا پیغام ہے۔
کانفرنس میں کثیر لوگوں نے شرکت کی اور اس پروگرام میں کیک بھی کاٹا گیا۔ پروگرام کی انتظامیہ میں محمد عارف زیری، وقار احمد بٹ، وقار خان، محمد اشرف بھورا اوریحیٰ بھائی کے علاوہ دیگر افراد نے انتہائی محنت سے پروگرام کو کامیاب منعقد کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر درودوسلام پڑھا گیا اور علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی طور پر اختتامی دعا فرمائی۔
تبصرہ