منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام 14 اگست 2018ء کو منہاج اسلامک سینٹر کارپی میں یوم آزادئ پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران و کارکنان سمیت کارپی میں موجود پاکستانی کمیونٹی سیاسی و سماجی شخصیات اور بچوں نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کا آغاز سانحہ ماڈل ٹاون و انقلاب مارچ کے شہداء، افواج پاکستان کے شہداء و غازیوں اور دہشتگردی کی جنگ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی سے ہوا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کے نوجوانوں نے ہال میں قومی پرچم، رنگ برنگی لائٹس اور تاریخِ پاکستان سے متعلق چارٹس لگائے۔
تقریب کے دوران ذیشان جاوید نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔ نقابت کے فرائض مرزا امتیار نے انجام دیئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے ڈائریکٹر علامہ وقار احمد قادری نے شرکاء اور معزز مہمانوں کو استقبالیہ پیش کیا۔ علامہ وقار قادری نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان میں دو باتیں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہیں پہلی یہ کہ ریاست مدینہ کے بعد یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، دوسری پاکستان بننے کے بعد بھی لوگوں کو ہجرت بھی کرنی پڑی۔ آج ملک پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے ہمیں پاکستان پر ایمان کی مضبوطی کے ساتھ اپنے تن من دھن کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی و امت مسلمہ کی ترقی، شہداء کے بلندئ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
رپورٹ: حسن زمان تارڑ
تبصرہ