منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکا کے زیراہتمام 31 مارچ 2018 کو منہاج القرآن النور اسلامک سینٹرکنیٹیکٹ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ولادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت حاجی غلام سرور نے کی۔
محفل کا آغاز حافظ نعمان سرور اور حافظ شہاب الدین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول درود و سلام کی صورت میں نچھاور کیے گئے۔ محفل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محفل نعت میں ارشد لطیف، محمد عدن اخلاق، طارق محمود علوی، محمد سلیم بھورا ، علیشاہ، رجاء، فاطمہ ، معراج ماجد اور سینٹر کے دیگر بچوں نے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر کنیٹیکٹ علامہ محمد شریف کمالوی نے سرانجام دیئے۔
علامہ سعید الحسن طاہر نے ولادت علی المرتضٰی رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی نے بارگاہ مصطفٰی ﷺ میں پرورش پائی۔ جب تربیت خود اللہ تعالی کے نبی ﷺ کر رہے ہوں تو کیوں نہ علی شیر خدا بنتے۔ انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات کا فرمان ہے جب میرا دل رب سے کلام کرنا چاہتا ہے تو میں نماز میں کھڑا ہو جاتا ہوں اور جب دل چاہتا ہے کہ رب مجھ سے کلام کرے تو میں قرآن کی تلاوت شروع کر دیتا ہوں۔
ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سینٹر ہوسٹن علامہ افضال احمد قادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا سفر معراج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے اور اس میں جو تحفہ اللہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی امت کو عطا کیا وہ نماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نماز اللہ تعالیٰ سے مناجات ہیں اور تہجد اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے آقا ﷺ کا سفر معراج کا وہ حصہ بیان کیا جہاں سے تربیتی پہلو نکلتے تھے۔
آخر میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور مسلم کمیونٹی کے لیے علامہ محمد شریف کمالوی نے شرکاء کو بتایا کہ اس سنٹر پر سنڈے سکول کے علاوہ مردوں کے لیے ترجمہ و تفسیر اور تجوید کی کلاسز ہوتی ہیں جبکہ بچوں کے لیے حفظ القرآن اور ناظرہ کی کلاسز بھی جاری ہیں۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام درود وسلام سے ہوا، جس کے بعد دعا بھی ہوئی۔
تبصرہ