ڈبلن میں 40 ویں مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام ڈبلن میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر گلزار احمد کی رہائش گاہ 40 ویں ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ محفل کے مہمان خصوصی آئرلینڈ کی معروف قانون دان سولیسٹر چوھدری عمران خورشید تھے جبکہ اس محفل کی صدارت منہاج القرآن آئرلینڈ کے مرکزی رہنما پیر غلام دستگیر نے کی۔ محفل میں ڈاکٹر مدثر ثاقب، محمد محی الدین، محمد ارسلان خان، محمد ذوہیب انصاری اور محمد عامر بھی شریک ہوئے، جبکہ منہاج القرآن آئرلینڈ کے کارکنان کے علاوہ کمیونٹی کے دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا جس کی سعادت ڈاکٹر گلزار احمد، ڈاکٹر مدثر ثاقب اور محمد ارسلان خان نے حاصل کی۔ تمام شرکاء نے حلقہ کی شکل میں درود پاک کا ورد کیا۔ صدر مجلس پیر غلام دستگیر نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ درود و سلام حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجنا خود اللہ پاک کی سنت ہے اور یہ وہ واحد عمل ہے جو اللہ پاک کی بارگاہ میں قطعی القبول ہے۔

مہمان خصوصی سولیسٹر چودھری عمران رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دیار غیر میں تحریک منہاج القرآن ہمارے ایمان کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے جو اس طرح کی محافل کا انعقاد کرتی ہے میں اس پر تحریک منہاج القرآن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور بالخصوص میں یہاں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ان محافل کا اصل مقصد ہماری زندگیوں کو صراط مستقیم پر چلنا ہے۔ ہم ان محافل میں جو کچھ بھی سیکھیں اس کا رنگ ہماری زندگیوں میں نمایاں ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر گلزار احمد نے تمام شرکاء کی آمد پر کلمات تشکر بھی ادا کیے۔ پروگرام کے آخر میں پیر غلام دستگیر نے ختم غوثیہ پڑھا اور خصوصی دعا بھی کروائی حاضرین کی تواضح لنگر سے کی گئی۔

تبصرہ