منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈبلن آئرلینڈ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ڈبلن میں سفیر امن کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے قائدین و کارکنان اور دیگر سیاسی سماجی مذہبی تنظیمات کے عہدیداران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی سفارتخانہ ڈبلن کے سفیر ڈاکٹر سید رضوان احمد تھے جبکہ اس تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے مرکزی رہنما الشیخ ابو آدم احمد الشیرازی نے کی۔
تقریب کا آغاز حافظ تنویر حسین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم منہاج القرآن کے ایگزیکٹیو ممبر ڈاکٹر گلزار احمد اور نائب صدر منہاج القرآن رضوان احمد طور نے ادا کی جبکہ نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔ کانفرنس سے ڈاکٹر سید رضوان احمد اور الشیخ ابو آدم احمد الشیرازی نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کی عالمی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ سے دہشت گردی کی کھل کر مخالفت کی ہے۔
منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل، معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری عمران خورشید، پی ٹی آئی کشمیر کے چیف آرگنائزر پیر شیراز حسین قادری، گریفتھ کالج ڈبلن شعبہ آئی ٹی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اختر اور دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن قائم کرکے تمام اہل اسلام اور بالخصوص پاکستانی عوام پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری پوری دنیا میں ہر پلیٹ فارم پر اسلام کے دفاع کے لیے فکری و نظریاتی اور علمی محاذ پر مصروف عمل ہیں۔
کانفرنس میں شرکاء کو ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی سماجی اور مذہبی خدمات کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی، ڈاکٹر طاہر القادری کی مختلف موضوعات پر لکھی جانے والی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا جس پر حاضرین نے بڑی دلچسپی لی اور کئی کتابوں کی خریداری بھی کی۔ پروگرام میں سال 2017ء کے دوران منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ لینے والوں کو اسناد بھی دی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و سلامتی اور پاکستان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
رپورٹ: فرخ وسیم بٹ
تبصرہ