مؤرخہ 10 دسمبر 2017 بروز اتوار کو منہاج القرآن ویمن لیگ ساؤتھ کوریا کے زیراہتمام پہلی سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کا انعقاد بمبے گرل ریسٹورنٹ ایتوان سیول میں کیا گیا۔ یہ کوریا میں اپنی نوعیت کی پہلی میلاد کانفرنس تھی جس کا اہتمام صرف خواتین کیلئے کیا گیا۔ اس کانفرنس میں پاکستان ایمبیسی کی نمائندگان، بزنس کمیونٹی کی خواتین سمیت کثیر تعداد میں یونیورسٹی کی طالبات نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام ربانی سے ہوا۔استقبالیہ کلمات میں سرپرست ویمن لیگ کوریا آمنہ اصغر بانگی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شرکت کیلئے شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں سووان یونیورسٹی، آنسن یونیورسٹی اور سیول ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے تاجدارِ کائنات کی بارگاہ میں مدح سرائی کی اور محفل میں روحانی رنگ بھر دیا۔ کانفرنس میں موجو د پاکستانی اور کورین کمیونٹی کے ننھے بچوں نے انتہائی منفرد انداز میں قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔
ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ ساؤتھ کوریا شازیہ قمر نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی شرعی حیثیت پر مؤثر گفتگو کی۔ اس کے بعد صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ساؤتھ کوریا گلشن اسرار نے اسلام میں خواتین کے معاشرتی اور قانونی حقوق پر پُرمغز گفتگو کی، یہ موضوع یونیورسٹی طالبات کی خصوصی ڈیمانڈ پر منتخب کیا گیا۔
پاکستان ایمبیسی کی نمائندگان نے اس شاندار کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن
ویمن لیگ کی ٹیم کو سراہا اور اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ کوریا
میں یہ میلاد کانفرنس نا صرف اسلام کی پر امن کی تعلیمات کے فروغ بلکہ پاکستان کے
مثبت امیج کیلئے بہت مددگار اور اہم ہے اور مستقبل میں ایسے پروگرامز کا انعقاد بہت
ضروری ہے۔
اس ایمان افروز میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا اختتام سلام اور دعا پر ہوا۔
(رپورٹ: شازیہ قمر)
تبصرہ