منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام کوپن ہیگن میں مشعل بردار امن مارچ ’’پیس واک‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کوپن ہیگن بلدیہ کے کونسلر کرسٹوفر اینڈرسن بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے میلاد کا پیغام امن کے نام سے بینر تھام رکھا تھا۔ ’’پیس واک‘‘ میں منہاج القرآن ڈنمارک کے عہدیداروں، پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی۔ حالیہ انتحابات میں منتحب ہونے والی پاکستانی نژاد بدر شاہ نے بھی پیس واک میں شریک ہوئیں۔ پاکستانی نژاد بدر شاہ نے کہا کہ اقلیتوں کو منہاج القرآن ڈنمارک کی تقلید میں ملکی امن و امان کے لیے آگے آنا چاہیئے۔ پیس واک امن اور باہمی ہم آہنگی کے ضمن میں منہاج القرآن ڈنمارک اور مقامی تنظیمات کے لیے رول ماڈل ہے۔
منہاج القرآن سسٹرز لیگ ڈنمارک کی جنرل سیکرٹری مریم نشمین اور منہاج القرآن ڈنمارک کے صدر، عرفان ظہور احمد نے بھی میلاد مارچ میں خطاب کرتے ہوئے یوتھ لیگ کی اس کاوش کو سراہا اور امن مارچ کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
منہاج یوتھ لیگ ڈنمارک کی سالانہ پیس واک کے شرکا، مشعلیں تھامے، درودوسلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے شہر کی مرکزی شاہراوں سے گزر کر کوپن ہیگن کے وسط میں پہنچے تو متعدد جگہوں پر پولیس نے ٹریفک روک کر مارچ کے شرکا کو راستہ فراہم کیا۔ اس موقع پر منہاج سسٹرز لیگ کی بچیاں میلاد کی خوشی میں راہگیروں میں ٹافیاں تقسیم کرتے ہوئے انکی راہنمائی کررہی تھیں کہ اس جلوس کا مقصد پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی ہے۔ جس سے معاشرے کو ، رواداری، بھائی چارے اور افہام تفہیم کا پیغام دینا ہے۔ بعد ازاں شرکاء کشمیری چائے اور کیک سے لطف اندوز ہوئے۔
رپورٹ: محمد منیر کوپن ہیگن
تبصرہ