ناروے: منہاج ویمن لیگ اوسلو کی سالانہ ’’سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس‘‘

منہاج ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام 30 ستمبر 2017 کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر اوسلو میں ’کوئین آف کربلا‘ کے عنوان سے عظیم الشان سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد ان تمام عظیم خواتین کے حالات زندگی اور مثالی کردار سے روشناس کروانا تھا جنہوں نے سیدنا امام حسین علیہ السلام کے ساتھ سانحہ کربلا میں عظیم قربانیاں دیں۔

کانفرنس کا آغاز صحیفہ انقلاب کی مقدس آیات کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت طیبہ یوسف نے حاصل کی اور طیبہ توصیف نے تلاوت کردہ آیات کا ترجمہ پیش کیا۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عیقدت سعدیہ صداقت، فرح ناز، ثوبیہ صادق اور راحیلہ اعوان نے نچھاور کیے۔ شیما نعت کونسل اور حراء خان نے منقبت بحضور امام عالی مقام سیدنا امام حسین علیہ السلام کی سعادت حاصل کی۔ عنبرین قریشی اور فاریہ اصغر نے نقابت کی ذمہ داری بخوبی سرانجام دی۔

منہاج ویمن لیگ ناروے کی صدر عنبرین قریشی نے کانفرنس میں شرکت کرنے والی خواتین کو خواش آمدید کہا اور معزز مہمانوں کے لیے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ انہوں نے کانفرنس کے بہترین انتظام و انصرام میں بھرپور تعاون کرنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی ایگزیکٹو کا شکریہ ادا کیا۔

جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی فاضلہ طاہرہ فردوس نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سیدہ زینب سلام اللہ علیھا ایک امید کا نام ہیں۔ کربلا سے لیکر دمشق تک آپ کا بےمثال کردار اور جرأت ساری انسانیت کے لیے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کو جہدِ کربلا کا سفیر قرار دیا۔ جن کی اسقامت اور بہادری نے رہتی دنیا تک کی خواتین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا کہ اگر خواتین باہمت ہوں تو زمانے کی کایا پلٹ سکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کے لیے سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے اسوہ کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔‎‎

اس موقع پر منہاج ویمن لیگ ناروے کی نو منتخب عہدیداران کا تعارف کروایا گیا۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سلام کا نذرانہ سلمہ ظفر نے پیش کیا۔ طاہرہ فردوس نے روہنگیا مسلمانوں کی امداد کی اپیل کی جس میں خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کانفرنس کا اختتام محترمہ طاہرہ فردوس کی پرسوز دعا سے ہوا۔ شرکاء کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی۔

رپورٹ: قیصر محمود، انفامیشن سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے

تبصرہ