منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیراہتمام 07 اکتوبر 2017 کو منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر کنیٹیکٹ میں فکر امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ نعمان سرور نے حاصل کی، جبکہ النور اسلامک سینٹر کے طلبہ و طالبات نے بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ محمد داؤد جعفری اور ارشد لطیف نے نعت اور طارق محمود علوی نے منقبت کی صورت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نقابت کے فرائض منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر کنیٹیکٹ کے ڈائریکٹر علامہ محمد شریف کمالوی نے انجام دئیے۔
حافظ شہاب الدین احمد فرہاد نے سانحہ کربلا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیرت امام حسین علیہ السلام پر عمل کرنا چاہیے۔ انگلش زبان میں خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد شریف کمالوی نے مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی شان قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کی۔ منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر نیوجرسی کے ڈائریکٹر علامہ اویس منصف قادری نے شہادت حسین علیہ السلام کے موضوع پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ باطل کے خلاف برسرپیکار ہونا ہی اسوہ حسینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کی خبر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پہلے دے دی تھی۔
پروگرام کے اختتام پر اجتماعی درود وسلام پیش کیا گیا اور دعا کی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء کی تواضع لنگرِ حسینی سے کی گئی۔
تبصرہ