منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو نمازِ تراویح میں ختم قرآن کی محفل اور لیلۃ القدر کا عظیم الشان اجتماع منعقد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان سمیت مسلم کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے نماز تراویح میں قرآن کریم سنانے کی سعادت حاصل کرنے پر قاری مشتاق احمد کو مبارکباد دی۔
اجتماع کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا جس کی سعادت قاری مشتاق احمد نے حاصل کی۔ کارپی کے مشہور و معروف نعت خواں افضال سیال اور حافظ عثمان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔ روحانی اجتماع میں باجماعت صلوۃ التسبیح ادا کی گئی۔
اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وقار احمد قادری نے کہا کہ جو شخص بھی سچے دل کے ساتھ اپنے رب کی طرف رجوع کرتا ہے، اللہ رب العزت اس سے محبت کرتا ہے اور اسے ان لوگوں کا مقام و مرتبہ عطاکرتا ہے جو اس کے محبوب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صورت میں اللہ نے ہمیں اپنے ولی کی بارگاہ سے جوڑ رکھا ہے۔ ہمارا فریضہ ہے کہ اصلاح احوال اور تجدیدِ دین کی اس تحریک‘ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ساتھ خود بھی جڑے رہیں اور آنے والی نسلوں کو بھی اس سے جوڑے رکھیں۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام جاری پروگراموں کا تفصیلی تعارف کروایا اور سامعین سے اسلامک سینٹر کے تعمیری کاموں کے لیے تعاون کی اپیل کی۔ پروگرام کا اختتام رقت آمیز دعا سے ہوا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کی طرف سے شرکائے اجتماع کو سحری پیش کی گئی۔
رپورٹ: حسن زمان تارڑ (کارپی، اٹلی)
تبصرہ