جنوبی افریقہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کا جشنِ غریب نواز، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شرکت

منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے زیراہتمام 19 اپریل 2017 کو جوہانسبرگ میں جشن غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر شانِ اولیا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت قاری شوکت علی مصطفوی اور بلال جاوید نے حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے معروف قوال سید سجاد علی صابری چشتی و ہمنوا نے مخصوص انداز میں نعت اور حضرت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی منقبت پیش کی، جسے سامعین نے بے حد سراہا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ پاک نے صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو غارِ ثور میں اور مولا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو شب ہجرت اپنا مظہر بنا دیا۔ اس لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ علی علیہ السلام کو دیکھنا عبادت ہے، مومن اور منافق کی پہچان یہ ہے کہ مومن کے سوا کوئی مولا علی علیہ السلام سے محبت نہیں کرسکتا اور جو آپ سے بغض رکھے وہ مومن نہیں ہوسکتا۔ حضرت خواجہ اجمیر عطائے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں اور حضور قدوۃ الاولیا عطائے غوث الاعظم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری مدینہ حاضری کے لیے جاتے ہیں تو آپ بالخصوص اہل بیت کے مزارات پر حاضری دیتے ہیں۔ شیخ الاسلام اور منہاج القرآن انٹرنیشنل پر اہل بیت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خصوصی نظر کرم ہے۔ ہمارا مشن مصطفوی مشن ہے، ہم نے اپنے اخلاق کو اسوہ حسنہ میں ڈھالنا ہے اور اُمت مسلمہ کی خدمت کرنی ہے۔ دین متین کی اقامت کے لیے منہاج القرآن تجدیدی تحریک بن چکی ہے، ان شاءاللہ مصطفوی انقلاب کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ انہوں نے صابری برادران کو شاندار قوالی پیش کرنے پر مبارکباد دی۔

کانفرنس میں قاری شوکت علی، آصف رانا، جاوید اقبال اعوان اور بلال احمد کے علاوہ دیگر قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔ کانفرنس کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ