منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے زیراہتمام 18 اپریل 2017 کو صوبہ Mpumalanga کے شہر Bushbuckridge کے مریم کمیونٹی ہال میں عظیم الشان ’شان و ادبِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں نائب امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ صادق قریشی، کوآرڈینیٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ علامہ رفیق نقشبندی، پاکستان عوامی تحریک جنوبی افریقہ کے صدر مرزا صفدر اقبال، منہاج القرآن جوہانسبرگ کے صدر رانا آصف جمیل، عوامی تحریک جوہانسبرگ کے صدر جاوید اقبال اعوان، راجہ جواد افضل، علامہ شہباز قادری، علامہ شبیر علوی، علامہ قاری شوکت علی مصطفوی، علماء و مشائخ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل Mpumalanga کے عہدیداران، رفقا اور کارکنان نے شرکت کی۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد شبیر علوی نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل کے حافظ احمد علی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آقائے نامدار، تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب نہ صرف انسان بلکہ حیوان اور شجر و ہجر بھی کرتے ہیں۔ جب تک انسان اپنے ماں باپ، بیوی بچوں اور دنیا کی ہر چیز سے بڑھ کر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت نہیں کرتا وہ مومن کہلانے کا حقدار نہیں ہے۔ یہ شانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ ہے کہ خالق کائنات بھی آپ پر درود بھیجتا ہے، اور سیرتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ ہے کہ آپ یہودی کے جنازے کے احترام میں قیام فرماتے ہیں۔ محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کا ادب سکھایا۔ اسوہ حسنہ پرعمل کیے بغیر اسلام کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے نہیں لایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہا ج القرآن انٹرنیشنل کا پیغام اعمال و کردار کو سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جوڑنا ہے، اسی میں دنیا و آخرت کی فلاح ہے، اور اسی میں عظمت ہے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سفیر اور نائب امیر علامہ محمد صادق قریشی نے کانفرنس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن احیاء و تجدیدِ دین کی تحریک ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا پیغام احترام انسانیت اور بقائے باہمی پر مبنی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے امیر شوکت علی مصطفوی نے کانفرنس کی اختتامی دعا فرمائی۔ کانفرنس کے اختتام پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی رفاقت اختیار کی۔
انہوں نے شرکاء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کی رفاقت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دینی قدروں کو زندہ کرنے کے لیے منہاج القرآن کے ساتھ جڑ جائیں۔
قبل ازیں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری جوہانسبرگ سے Mpumalanga پہنچے تو منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کی ایگزیکٹیو کونسل کے ممبران اور عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور Bushbuckridge آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ