برلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے زیرِ اہتمام فرنکفرٹ میں قائد ڈے کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز پروفيسر حافظ حامد رضا نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ محمد اعجاز، چوہدری زاہد راجہ اور ابرار قادری سمیت ثناء خوانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بارگاہِ نبوی میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نقابت کے فرائض راجہ وحید سلطان اور ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر فرنکفرٹ قاری مدثر اقبال نے سرانجام دیے۔ تقریب کے شرکاء نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت اور امت مسلمہ کے لیے آپ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں شرکاء سے منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے ڈائریکٹر حافظ طارق محمود، معروف صوفی سکالر اور جماعت اہلسنت نیورنبرگ کے ڈائریکٹرعلامہ صاحبزادہ مفتی ممتاز حسین پیرزادہ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اینی پٹال کے ڈائریکٹر علامہ پروفیسر صفدر مجید نے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجدیدِ دین، فروغ امن اور انسدادِ دہشت گردی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے صدر میاں عمران الحق اور بزرگ شاعر خان اللہ داد نے اپنے اشعار میں شیخ الاسلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل فرنکفرٹ کے نومنتخب جرمنی عہدیداران سے علامہ پروفیسر صفدر مجید نے حلف لیا۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 66 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازئ عمر کی دعا کی گئی۔
تبصرہ