اٹلی: منہاج ویمن لیگ رجیو امیلیا کی کارپی میں میلاد کانفرنس

کارپی (رپورٹ: حسن زمان تارڑ) منہاج القرآن ویمن لیگ رجیو امیلیا کے زیراہتمام 22 جنوری 2017 کو اتوار کے روز کارپی کے کانگریسی ہال میں عظیم الشان میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اٹلی کے مختلف علاقوں سے خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن لاہور کی فاضلہ اور منہاج یوپین کونسل کی صدر بشریٰ ریاض نے کانفرنس کی صدارت کی اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت حفصہ علی نے حاصل کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کارپی کی ناظمہ نشرو اشاعت ثوبیہ نعیم نے نقابت کے فرائض سر انجام دئیے اور فاخرہ گل نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ لائبہ گلزار، ایمان، عرشیہ سید، عالیہ رضوان، عائشہ علی، حفصہ علی، سبین انصر، صبا بشیر، سیرت، کائنات، عائشہ فاروق، حافظہ رضیہ صدیق، جازیہ نثار، فرحانہ، سحر، رومت، عریج فاطمہ امین، مسز عابدہ اشرف بٹ اور دیگر طالبات اور خواتین نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام اور نعتوں کے گلدستے پیش کیے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ رجیو امیلیا و مودنہ کی صدر اشفاق بیگم اور ناظمہ نائلہ اشفاق نے اپنے استقبالیہ کلمات میں میلاد کانفرنس کی شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ہر سال میلاد کانفرنس کا انعقاد اسی جوش وجذبہ سے کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ نارتھ اٹلی کی صدر مسز ملک کفایت نے کانفرنس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے دلوں کو محبتِ خدا اور عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نور سے منور کیا ہے، ہم اس پلیٹ فارم سے دین کی خدمت جاری رکھیں گے۔ بشریٰ ریاض کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی تعلق کی ضرورت پر زور دیا اور آپ سے نسبت کو تمام مسلمانوں اور ان کی نسلوں کے لئے فلاح اور نجات کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے بچوں کی دینی تعلیم وتربیت کا انتظام کریں۔ اسی سے ہم اپنے اخلاق اور کردار کو سنوار سکتے ہیں اور غیرمسلموں تک اسلام اور پیغمبرِ اسلام کا پیغامِ امن و محبت پہنچا سکتے ہیں۔ کانفرنس میں سندس جہانزیب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر منہاج نعت کونسل کارپی نے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور فرح گیلانی نے دعائے خیر کی۔

تبصرہ