امریکہ: کنیکٹیک میں میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیراہتمام سالانہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 25 دسمبر 2016ء کو منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیکٹیک میں منعقد ہوئی، جسکی صدارت حاجی غلام سرور نے کی۔ شام 5 بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ نعمان سرور اور قاری بشیر سلیمان نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد قرآن لرننگ کلاس کے بچے اور بچیوں نے قصیدہ بردہ شریف اور درود پاک پڑھ کر خوب رنگ جمایا۔ محمد اویس مصنف القادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر نیوجرسی)، محمد عدن اور رشد لطیف نے اپنے مخصوص انداز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ اس پروگرام میں نقابت کے فرائض علامہ محمد ریف کمالوی (ڈائریکٹر منہاج القرآن النور اسلامک سنٹر کنیکٹیک) نے سر انجام دیئے۔

علامہ سعید الحسن طاہر (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر ٹیکسیس) نے انگریزی زبان میں خطاب کیا۔ علامہ محمد افضال قادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر ہیوسٹن) نے میلاد کانفرنس میں مرکزی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے حبیب کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تشریحی، تشریعی اور تکوینی اختیارات دے کر کائنات کا مختار کل بنایا اور پھر اپنی محبوبیت کی خلعت فاخرہ پہنا کر انہیں نبی مبعوث فرمایا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمر بھر حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وسلم سے وارفتہ عشق کرنے کی تعلیمات دی ہیں۔ ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہی ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہونا چاہیے، یہی منہاج القرآن کا پیغام ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر سلام پڑھا گیا اور علامہ محمد افضال قادری نے خصوصی طور پر اختتامی دعا فرمائی۔

تبصرہ