کولکتہ: منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی بنگال کے زیراہتمام 12 دسمبر 2016 کو مہاجاتی سدن (Mahajati Sadan) ھال کولکتہ میں محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی بنگال کی عہدیداران اور کارکنان سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سوا ہوا جس کے بعد شائبا طلعت سسٹرز نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی۔ شفاضیاء، صفیہ طارق اور شبانہ بلال نے بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعت کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ ماریہ احمد نے شرکاء سے سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق سوالات کیے۔ رخسانہ علی اور صائمہ رحمان نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی بنگال کی صدر شازیہ طارق نے کہا کہ ذکرِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اَزل تا اَبد جاری و ساری ہے۔ اﷲ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چرچا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو وجود میں لانے سے بھی بہت پہلے کر دیا تھا۔ عرشِ بریں پر اپنے نام کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام رقم کیا۔ جنت کے پتے پتے پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اِسم گرامی جلوہ گر رہا۔ فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام جپتے رہے۔ آج اگر اُمتِ مسلمہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے واقعات کو تصوّر و تخیل میں لا کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں محافل کا اِنعقاد کرتی ہے تو یہ اُسی نوری سلسلہ کی ایک کڑی ہے جو اَزل تا اَبد جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں ضیافت کرنا، صدقہ و خیرات کرنا، روشنیوں کا اِہتمام کرنا، قمقمے روشن کرنا، مشعل بردار جلوس نکالنا اور دل کھول کر خرچ کرنا بارگاہِ اِلٰہی میں مقبول اور اُس کی رضا کا باعث ہے۔ اُمتی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر خوش ہوں گے تو اﷲ تعالیٰ اُن سے خوش ہوگا۔
محفل کا اختتام دعا سے ہوا اور شرکاء کو ضیافتِ میلاد پیش کی گئی۔
تبصرہ