آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشل کی سیرت النبی (ص) کانفرنس

ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ 10 دسمبر 2016 کو الرحمٰن اسلامک سنٹر پورٹ لیش (Portlaoise) میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے عہدیداران اور رفقاء سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ سعید نے حاصل کی، جبکہ مرزا رضوان بیگ اور محمد ابتحاج نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سکالر اور معروف نعت خوان علامہ شہزاد عاشق قادری نے اپنے خوبصورت انداز اور دل سوز آواز میں نعتِ پاک پیش کی۔ نقابت کے فرائض وسیم بٹ نے ادا کیے۔

کانفرنس سے الشیخ احمد (مصری)، حافظ نعمان درانی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ازل تا ابد جاری و ساری ہے، اللہ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چرچا بہت پہلے کر دیا تھا۔ عرشِ بریں پر اپنے نام کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام رقم کیا، جنت کے پتے پتے پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسم گرامی جلوہ گر رہا۔ آج اگر امت مسلمہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے واقعات کو تصور و تخیل میں لا کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں محافل کا انعقاد کرتی ہے تو ہ اسی نوری سلسلہ کی ایک کڑی ہے جو ازل تا ابد جاری رہے گا۔ امتی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر خوش ہوں گے تو اللہ تعالیٰ ان سے خوش ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرطِ اولین ہے جس کی تکمیل ذکر محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ذکر حبیب کا بہترین ذریعہ ہے۔

کانفرنس کا انتظام و انصرام کرنے والوں میں ڈاکٹر سہیل، آصف رضا، محمد شہزاد، خرم شیخ، محمد اہتشام، علی راحیل، ڈاکٹر عبدالقادر اور ڈاکٹر وحاج شامل تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر الشیخ احمد نے خصوصی دعا کرائی اور تمام احباب نے کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ شرکاء کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ